تازہ ترین

ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کا کھوژ روڈ کے لیے چار کروڑ روپے مختص کرنےپر شکریہ۔احمد محمد علی

اپر چترال /ممبر ویلیج کونسل کھوژ اور پاکستان پیپلز پارٹی اپر چترال کے نائب صدر احمد محمد علی نے  ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ ان کے ویلیج کونسل کے پسماندہ گاؤں کی سڑک کی تعمیر کے لیے چار کروڑ روپے مختص کرنے اور منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کرنے پر عوامِ کھوژ کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محترمہ ثریا بی بی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامِ کھوژ کی جانب سے کھوژ روڈ کی تعمیر کے لیے درخواست دی گئی تھی، جس پر ڈپٹی اسپیکر نے نہایت قلیل مدت میں فنڈز کی منظوری دے کر عملی طور پر کام کا آغاز کروا دیا، جو قابلِ تحسین اقدام ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے سے علاقے میں سفری سہولیات میں بہتری آئے گی اور عوام کو دیرینہ مسائل سے نجات ملے گی۔

احمد محمد علی نے کہاکہ کھوژ بالا میں پل کی مرمت کے حوالے سے بھی ڈپٹی اسپیکر سے درخواست کی گئی ہے، جس پر انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان شاء اللہ جلد اس مقصد کے لیے بھی فنڈز مختص کیے جائیں گے۔ اسی طرح عوامِ کھوژ کی درخواست پر بجلی کے کھمبے فراہم کرنے کی یقین دہانی پر بھی انہوں نے ڈپٹی اسپیکر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے اور وہ پارٹی کے ضلعی نائب صدر ہیں، تاہم جو بھی علاقے میں عوامی فلاح کے لیے اچھا کام کرے گا، وہ سیاسی و نظریاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر اس کی تعریف کریں گے۔ ان کے مطابق ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی نے پہلی مرتبہ مستوج بروغل روڈ کے مختلف مقامات پر سڑکوں کی بھرائی کا کام کروایا، جس میں مستوج سے کارگین تک سڑکوں کی معیاری فلنگ شامل ہے۔

احمد محمد علی نے کہا کہ ان کے ویلیج کونسل کی حدود میں بھی سڑکوں کی بھرائی کا کام تسلی بخش رہا، جس کی وہ خود مسلسل نگرانی کرتے رہے۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ سی این ڈبلیو اور متعلقہ ٹھیکیدار کا بھی معیاری کام پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی درخواست پر ڈپٹی اسپیکر نے ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے ذریعے کارگین کے مقام پر مستوج بروغل روڈ کو دریائے یارخون کی کٹائی سے محفوظ بنانے کے لیے حفاظتی پشتیں تعمیر کروائیں۔ ان کے بقول کام کے دوران ڈپٹی اسپیکر مسلسل رابطے میں رہیں اور فنڈز کی فراہمی سمیت کام کے معیار پر خصوصی توجہ دی۔

بیان میں احمد محمد علی نے مزید کہا کہ انہوں نے ڈپٹی اسپیکر سے بریپ اور دربند یارخون کے مقامات پر بھی سڑکوں کی بھرائی کے لیے درخواست کی ہے، جس پر انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ مذکورہ علاقوں میں بھی جلد کام کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button