تازہ ترین

چترال سکاؤٹس کے تعاون سے انڈر 16 فٹبال ٹورنامنٹ، مدارس کے مابین دوستانہ میچ

دروش (نامہ نگار)دروش کے کرنل مراد اسٹیڈیم آئیڈیل کلب کے زیرِاہتمام اور چترال سکاؤٹس 143 ونگ کے تعاؤن سے انڈر 16 فٹبال ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میں دی لرنر اسکول دروش نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بازار ایف سی کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔

فائنل میچ کے موقع پر مدارس کے طلبہ کے مابین ایک دوستانہ فٹبال میچ بھی کھیلا گیا، جس میں مدرسہ قاسم العلوم دروش اور مدرسہ تعلیم القرآن پرانا بازار کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں۔ دلچسپ مقابلے کے بعد مدرسہ قاسم العلوم نے کامیابی حاصل کی، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔

فائنل کے مہمانِ خصوصی چترال سکاؤٹس 143 ونگ کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل حسن عباس تھے۔ اس موقع پر آنریری لیفٹیننٹ غلام اللہ، معروف مذہبی و سماجی شخصیت قاری جمال عبدالناصر، وی سی چیئرمین عمران الملک، وی سی چیئرمین وقار احمد، مہتمم مدرسہ قاسم العلوم قاری حسین احمد، مولانا خان شیرین، دونوں مدارس کے منتظمین اور کھیلوں سے وابستہ نوجوان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
مہمان خصوصی کے آمد کے موقع پر عمائدین اور نوجوان کھلاڑیوں نے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم ہاتھوں میں اٹھائے انکا پرتپاک انداز میں استقبال کیا۔
خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل حسن عباس نے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور یقین دلایا کہ چترال سکاؤٹس آئندہ بھی ایسے صحت مند اور تعمیری کھیلوں کے ایونٹس میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیل کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ ایک ذمہ دار اور باکردار پاکستانی بن کر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔

آخر میں مہمانِ خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے جبکہ چترال سکاؤٹس 143 ونگ کی جانب سے مدارس کی دونوں ٹیموں، انڈر 16 فائنل کھیلنے والی ٹیموں اور منتظمین کو نقد انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور چترال سکاؤٹس زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button