چترال پریس کلب کے سالانہ انتخابات ،،صدرظہیر الدین اور سابقہ کابینہ بلا مقابلہ منتخب

چترال (نامہ نگار) چترال پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں ظہیر الدین (روزنامہ ڈان) صدر منتخب جبکہ سیف الرحمن عزیز (سماء نیوز) سینئر نائب صدر اور میاں آصف علی شاہ (پی ٹی وی) نائب صدر منتخب ہوگئے جبکہ دوسرے عہدیداروں میں عبدالغفار (روزنامہ جہاد)جنرل سیکرٹری، نور افضل خان (روزنامہ آج)فنانس سیکرٹری اور سید نذیر حسین شاہ (اے آر وائی نیوز) آفس سیکرٹری شامل ہیں۔
سینئر صحافی شاہ مراد بیگ اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لویر چترال کے صدر مومن الرحمن ایڈوکیٹ کی مشترکہ صدارت میں منعقدہ انتخابی اجلاس میں اتفاق رائے سے طے ہواکہ سیشن 2025ء کی کابینہ کو اس کی کارکردگی کی بنیاد پر بلا مقابلہ منتخب کیا جائے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں مومن الرحمن ایڈوکیٹ نے نومنتخب کابینہ کو مبارک باد پیش کیا
اور چترال کی تعمیر وترقی اور معاشرتی ہم آہنگی سمیت امن وامان کو برقرار رکھنے میں چترال پریس کلب کی کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا اور بار مل کر معاشرے سے ناانصافی، ظلم اور کرپشن کا خاتمہ کرسکتے ہیں جوکہ ان مسائل کو اجاگر کرکے اور عدالت سے انصاف دلواسکتے ہیں اور چترال کی سطح بار اور میڈیا کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم کے ذریعے ظلم وناانصافیوں اور معاشرتی برائیوں کے خلاف کام کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ شاہ مراد بیگ نے اپنے خطاب میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کا اجلاس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور کہاکہ بار کی اہمیت کے پیش نظر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے کے تمام اضلاع میں سالانہ انتخابات کے انعقاد میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کو مانیٹرنگ کا کردار دے دیا ہے جوکہ خوش آئند ہے اور چترال میں ان اداروں کے درمیاں ہمیشہ بہتر تعلق کار موجود رہا ہے۔ نومنتخب صدرظہیر الدین نے ممبران پریس کلب کا شکریہ اداکرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاکہ وہ ان کے توقعات پر پورا اترنے اورچترال میں صحافیوں کے مسائل حل کرنے اور صحافت کے ذریعے علاقے کے مسائل اجاگر کرنے کے لئے سازگار ماحول فراہم کریں گے۔ درین اثنا ء مہتر چترال اور چترال لویر سے صوبائی اسمبلی کے رکن فاتح الملک علی ناصر نے چترال پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کے اراکین کو مبارک باد پیش کی ہے۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ کابینہ پر دوبارہ اعتماد ان کی بہتر کارکردگی کا مظہر ہے اور چترال کی ترقی میں میڈیا کا رول اہمیت کا حامل رہا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ صدر ظہیر الدین کی قیادت میں چترال پریس کلب ذیادہ فعال ہوکر علاقے کے مسائل کو اجاگر کرنے میں پہلے سے ذیادہ کردار ادا کرے گا۔



