لوئر چترال ضلعی انتظامیہ کاٹیلی نار سروس سے متعلق عوامی شکایات پر فوری نوٹس

چترال(نامہ نگار)عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال، راؤ ہاشم عظیم کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ٹیلی نار کمپنی کے ذمہ دار افسران کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع لوئر چترال کے مختلف علاقوں بشمول سوسوم، دروش، گرم چشمہ،شیشی کوہ , بمبوریت، رمبور اور دیگر علاقوں میں انٹرنیٹ اور کال سروس سے متعلق درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ٹیلی نار حکام کو ہدایات کیں کہ عوام کو درپیش مواصلاتی مسائل کو فوری، مؤثر اور پائیدار بنیادوں پر حل کیا جائے۔ ٹیلی نار کے متعلقہ حکام نے سروس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اضافی جنریٹرز کی فراہمی اور دور دراز علاقوں کے لیے فیول کے مقدار میں فوری اضافہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ٹیلی نار کی ٹیکنیکل ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں کا دورہ کریں اور کسی بھی قسم کے تکنیکی فالٹ کو فوری طور پر دور کیا جائے، تاکہ عوام کو بہتر، مستحکم اور قابلِ اعتماد مواصلاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے ۔ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی



