منہاس الدین ایڈیشنل سیکرٹری(ریگولیشنز۔ ٹو) اسٹیبلشمنٹ تعینات

پشاور ( نمائندہ )حکومتِ خیبر پختونخوا نے صوبائی بیوروکریسی میں اہم انتظامی رد و بدل کرتے ہوئے مسٹر منہاس الدین (پی ایم ایس، بی ایس-19) کو اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں ایڈیشنل سیکرٹری (ریگولیشنز-II) تعینات کر دیا ہے۔ اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق تقرری کا اطلاق فوری طور پر ہو گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ تبادلہ عوامی مفاد اور خالی آسامی کے خلاف کیا گیا ہے تاکہ انتظامی امور کو مزید مؤثر اور منظم بنایا جا سکے۔ منہاس الدین اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل، خیبر پختونخوا اسپیشل پرپز کالاش ویلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی، چترال لوئر کے فرائض انجام دے رہے تھے، جہاں انہوں نے ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی امور میں نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ منہاس الدین کا شمار صوبے کے تجربہ کار اور قابل افسران میں ہوتا ہے۔ وہ اس سے قبل سیکرٹری ٹو کمشنر کوہاٹ، ایڈیشنل سیکرٹری جنگلات سمیت صوبے کے مختلف اہم انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، انتظامی تجربے اور شفاف کارکردگی کو مختلف حلقوں میں سراہا جاتا ہے۔سرکاری و انتظامی ذرائع کے مطابق منہاس الدین کی اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں تعیناتی سے ریگولیشنز اور انتظامی معاملات میں بہتری آئے گی اور ادارہ جاتی امور کو مزید مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے گا۔بیوروکریسی اور عوامی حلقوں کی جانب سے توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ منہاس الدین اپنی نئی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے صوبائی انتظامیہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے



