تازہ ترین

دمیل نثار برفانی تودہ: ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی متاثرہ خاندانوں سے تعزیت، نمازِ جنازہ میں شرکت

چترال (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رفعت اللہ خان نے گزشتہ روز دمیل نثار میں برفانی تودے کی زد میں آ کر جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ملاقات کی اور گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے جاں بحق افراد کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

​اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم نے کہا کہ دمیل نثار کا سانحہ پوری ضلعی انتظامیہ اور چترال کے عوام کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کی ہدایات کی روشنی میں متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی اور انہیں اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

​ڈی پی او رفعت اللہ خان نے بھی متاثرین سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے نتیجے میں ہونے والا جانی نقصان ناقابلِ تلافی ہے، تاہم پولیس اور انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے کاموں کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

​یاد رہے کہ حالیہ برف باری کے بعد دمیل نثار کے مقام پر برفانی تودہ گرنے سے9 قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تھا، جس پر علاقے بھر کی فضا سوگوار ہے۔ انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو سرکاری سطح پر معاونت فراہم کرنے کے لیے اقدامات فوری طور پر شروع کر دیے گئے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button