مہتر فاتح الملک علی ناصر کی کوششیں رنگ لے آئیں: یونیورسٹی آف چترال کیلئے بڑی گرانٹ اور جدید لائبریری کی منظوری

چترال (نامہ نگار) مہتر فاتح الملک علی ناصر (ایم۔پی۔اے، چیئرمین ڈیڈک و صدر پی ٹی آئی لوئیر چترال) نے یونیورسٹی آف چترال کی نویں سینٹ میٹنگ میں بھرپور شرکت کی اور علاقے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل عبور کر لیے۔
اجلاس کے دوران مہتر فاتح الملک نے صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم، مینا خان آفریدی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے یونیورسٹی آف چترال کے لیے خصوصی “گرانٹ ان ایڈ” کی منظوری دی۔ انہوں نے وزیر تعلیم کی ان کاوشوں کو سراہا جن کی بدولت یونیورسٹی کو ڈی نوٹیفیکیشن کے خطرے سے محفوظ رکھا گیا، جس سے ہزاروں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگنے سے بچ گیا۔
ایم پی اے لوئیر چترال نے دورانِ اجلاس یونیورسٹی میں ایک جدید طرز کی لائبریری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ چترال کے دور دراز علاقوں کے طلبہ کو تحقیق اور مطالعہ کی عالمی معیار کی سہولیات میسر ہونی چاہئیں۔
وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے اس مطالبے کو فوری طور پر تسلیم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ یونیورسٹی آف چترال میں تمام جدید سہولیات سے آراستہ لائبریری قائم کی جائے گی۔ اس اہم منصوبے کو صوبائی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 میں شامل کرنے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا گیا ہے۔



