چترال پولیس کے آفیسر نور صبیح اللہ کااپر کالج کورس میں صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن

چترال (چترال ایکسپریس)لوئر چترال پولیس کے ہونہار آفیسر نے اپنی پیشہ ورانہ قابلیت اور محنت کا لوہا منواتے ہوئے پورے صوبے میں ضلع کا نام روشن کر دیا۔ پولیس ٹریننگ کالج (PTC) ہنگو کے زیرِ اہتمام منعقدہ “اپر کالج کورس” میں لوئر چترال سے تعلق رکھنے والے اے ایس آئی (PASI) نور صبیح اللہ نے خیبر پختونخوا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ پولیس ٹریننگ کالج ہنگو کی جانب سے جاری کردہ اپر کالج کورس کے حتمی نتائج کے مطابق، نور صبیح اللہ نے کورس کے تمام تعلیمی اور پیشہ ورانہ مراحل میں مثالی کارکردگی دکھاتے ہوئے صوبائی سطح پر پہلی پوزیشن اپنے نام کی
نور صبیح اللہ اس وقت لوئر چترال پولیس میں بطور پی ایس او (PSO) ٹو ڈی پی او لوئر چترال اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی اس غیر معمولی کامیابی کو محکمہ پولیس کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا جارہا ہے۔
کامیابی کی خبر عام ہوتے ہی چترال کے عوامی، سماجی اور صحافتی حلقوں سمیت پولیس افسران کی جانب سے نور صبیح اللہ کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ نور صبیح اللہ جیسے فرض شناس اور باصلاحیت افسران چترال کے نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں، جنہوں نے سخت تربیتی مراحل میں اپنی برتری ثابت کر کے یہ ثابت کر دیا کہ چترال کا ٹیلنٹ کسی سے کم نہیں



