تازہ ترین

لوئر چترال: رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک، اشیائے خوردونوش کے نئے نرخ مقرر

​چترال (نمائندہ آئین)ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی خصوصی ہدایات پر "گڈ گورننس روڈ میپ” کے تحت رمضان المبارک کے دوران عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) عبدالسلام کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس ریویو کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے لیے اشیائے خوردونوش کی نئی قیمتوں کا تعین کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اس اجلاس میں انتظامی افسران، محکمہ خوراک کے حکام، تاجر یونین کے نمائندوں اور متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مارکیٹ کی صورتحال اور اشیاء کی سپلائی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ عام آدمی پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جا سکے۔
کمیٹی نے مشاورت کے بعد مختلف اشیائے ضرورت کی نئی سرکاری قیمتیں مقرر کیں، جن کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ان نرخوں کا مقصد رمضان المبارک میں ناجائزمنافع خوری کا خاتمہ اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالسلام نے اجلاس کے دوران سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ
​تمام انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر صبح اور شام کے اوقات میں بازاروں کا معائنہ کریں۔
​ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف "زیرو ٹالرنس پالیسی” اپنائی جائے۔
​سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موقع پر ہی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انتظامیہ نے تاجر برادری کو ہدایت کی ہے کہ وہ رمضان کے مقدس مہینے میں اخلاقی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گرانفروشی کی صورت میں فوری طور پر انتظامیہ کو مطلع کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button