رمضان المبارک: ضلعی انتظامیہ لوئر چترال متحرک، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کا بازاروں کا معائنہ

چترال (نمائندہ)صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کو سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ لوئر چترال پوری طرح متحرک ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) رفعت اللہ خان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے ہمراہ چترال کے مختلف بازاروں کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے اشیائے ضروریہ بشمول سبزیاں، پھل، انڈے، چکن، گوشت، گھی اور چینی کی دستیابی اور ان کے معیار کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انتظامیہ نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ تمام اشیاء سرکاری نرخنامے کے مطابق فروخت کریں اور ریٹ لسٹ نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔
ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم نے دکانداروں سے ملاقات کے دوران واضح کیا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
سرکاری ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر صرف قیمتوں ہی نہیں بلکہ شہر کے مجموعی نظم و ضبط کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک مینجمنٹ پلان، پارکنگ کے انتظامات، مانیٹرنگ ڈیسک پر عملے کی موجودگی، سیکیورٹی اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو خریداری کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو پابند کیا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے اپنے علاقوں کے بازاروں کی مانیٹرنگ کریں اور اس ضمن میں رپورٹ باقاعدگی سے دفتر ڈپٹی کمشنر کو ارسال کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ریلیف کے لیے وضع کردہ ایس او پیز پر مؤثر عملدرآمد ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔




