درخت لگانا صدقہ جاریہ اور قومی ذمہ داری ہے، ہر شہری ایک پودا ضرور لگائے: خطیب شاہی مسجد چترال

چترال (نمائندہ)خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان نے شجر کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ درخت لگانا نہ صرف ماحولیاتی ضرورت ہے بلکہ ایک عظیم دینی عمل اور صدقہ جاریہ بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہی مسجد میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
خطیب شاہی مسجد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام ہمیں زمین کی آباد کاری اور فطرت کے تحفظ کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے احادیثِ نبوی ﷺ کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ پودا لگانا ایک ایسی نیکی ہے جس کا اجر اس وقت تک ملتا رہتا ہے جب تک کوئی انسان، پرندہ یا جانور اس کے سائے یا پھل سے فائدہ اٹھاتا رہے۔
مولانا خلیق الزمان نے حالیہ ماحولیاتی مسائل، بڑھتی ہوئی تپش اور آلودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سنگین مسائل کا واحد اور موثر حل زیادہ سے زیادہ شجر کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم آج سنجیدگی سے پودے نہیں لگائیں گے تو آنے والی نسلوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے عوام بالخصوص نوجوانوں، طلبہ اور سماجی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، تعلیمی اداروں، مساجد اور بنجر زمینوں کو سرسبز بنائیں۔ انہوں نے ایک منفرد تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ”والدین اپنے بچوں کے ہاتھوں سے پودے لگوائیں اور ان کی بہتر پرورش پر بچوں کے لیے انعامات مقرر کریں، تاکہ نئی نسل میں پودوں کی حفاظت اور ان سے محبت کا شعور بیدار ہو۔”
خطیب شاہی مسجد نے چترال کے عوام سے استدعا کی کہ "ہر بندہ ایک پودا” مہم کے تحت اپنے حصے کا کردار ادا کرے تاکہ علاقہ دوبارہ شاداب ہو سکے۔ خطبے کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، چترال کی خوشحالی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔



