تازہ ترین

انجمن ترقی کھوار حلقہ دروش کے نئے دفتر کے افتتاح کے موقع پر ایک پروقار علمی اور ادبی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقے کی ممتاز علمی، ادبی اور سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت

چترال(عمر راسِخ،جوائینٹ سیکریٹری)گذشتہ  انجمن ترقی کھوار حلقہ دروش کے نئے دفتر کے افتتاح کے موقع پر ایک پروقار علمی اور ادبی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقے کی ممتاز علمی، ادبی اور سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ یہ تقریب مقامی میٹنگ ہال  نیو بازار دروش میں منعقد ہوئی جہاں انجمن ترقی کھوار حلقہ دروش کے نئے دفتر کا باقاعدہ افتتاح عمل میں لایا گیا۔

پروگرام کے مہمانِ خصوصی معروف سماجی شخصیت شہزادہ حشام الملک اور ان کے برادرِ صغیر شہزادہ سمیر الملک تھے جبکہ ان کے ہمراہ دیگر معزز شخصیات بھی شریک تھیں۔ ان میں پرنسپل سلیم کامل، مولانا پیر امین احمد نقشبندی، مولانا نقیب اللہ رازی، قاری جمال عبد الناصر، فرہاد یوسفی اور مولانا فضل ودود چترالی سمیت دیگر اہلِ علم و دانش شامل تھے۔ اس کے علاوہ انجمن ترقی کھوار حلقہ دروش کے تمام اراکین اور عہدیداران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب کی نظامت انجمن ترقی کھوار حلقہ دروش کے جنرل سیکریٹری سعید کائناتی نے نہایت احسن انداز میں انجام دی۔ انہوں نے پروگرام کے مختلف مراحل کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھاتے ہوئے حاضرین کو انجمن کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سلیم کامل نے انجمن ترقی کھوار کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کھوار زبان و ادب کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مادری زبانوں کی بقا ہی ثقافتی شناخت کے تحفظ کی ضمانت ہے۔

بعد ازاں مولانا نقیب اللہ رازی نے انجمن ترقی کھوار کی تاریخ، خدمات اور کھوار زبان کی ادبی و ثقافتی اہمیت پر مدلل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ کھوار زبان چترال کی تہذیبی شناخت کا ایک اہم ستون ہے اور اس کی ترویج و ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

مہمانِ خصوصی شہزادہ حشام الملک نے اپنے خطاب میں انجمن ترقی کھوار حلقہ دروش کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس ادارے کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی کھوار زبان و ادب کی خدمت کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ کھوار ادب اور ثقافت کی سرپرستی ان کے خاندانی آباء و اجداد کی روایات کا تسلسل ہے جسے وہ آئندہ بھی برقرار رکھیں گے۔

اس موقع پر یہ بات بھی خاص طور پر قابلِ ذکر رہی کہ انجمن ترقی کھوار حلقہ دروش کے نئے دفتر کے قیام کے لیے انجمن کے فائنانس سیکریٹری سعید اللہ ساحل نے انتھک محنت اور مسلسل جدوجہد کی۔ ان کی مخلصانہ کاوشوں اور شب و روز محنت کے نتیجے میں دفتر کے قیام کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوا۔ مزید برآں دفتر کے قیام، انتظامات اور آلہ داری کی ذمہ داری شہزادہ حشام الملک اور شہزادہ سمیر الملک نے اپنے ذمے لی، جن کے تعاون اور سرپرستی کو شرکاء نے بے حد سراہا۔

پروگرام کے اختتام پر ملک و قوم کی ترقی کھوار زبان کے فروغ اور انجمن کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جس کے بعد یہ بابرکت تقریب اپنے اختتام کو پہنچا

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button