ملک میں گولی اور گالی کی سیاست عام، تعلیم مہنگی اور طبقاتی، ہر شعبہ میں کرپشن اقربا پروری کا راج ہے، امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن

چترال (نمائندہ ) امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں گولی اور گالی کی سیاست عام، تعلیم مہنگی اور طبقاتی، ہر شعبہ میں کرپشن اقربا پروری کا راج ہے، جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی نئی نسل کا ہاتھ تھامنے کو تیار نہیں، بنو قابل گیم چینجر (Game Changer) بن گیا، مفت آئی ٹی تعلیم کی فراہمی کے الخدمت پاکستان کے اس پروگرام میں اب تک چودہ لاکھ پچاس ہزار بچے رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چترال میں جماعت اسلامی کی انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام "بنوقابل”کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام مفت آئی ٹی تربیت میں داخلہ کی تقریب میں ہزاروں طلبا و طالبات نے امتحان دیا۔ امتحان پاس کرنے والوں کو مختلف دورانیے کے پروگرامات میں تربیت فراہم کی جائے گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ بنو قابل کے دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے اس میں آئی ٹی کے علاوہ ٹیکنیکل کورسز (Technical Courses) کو بھی شامل کردیا گیا ہے، ملک میں ہزاروں کی تعداد میں آئی ٹی لیبارٹریز (IT Labs) تیار ہوچکی ہیں، بنو قابل کو مزید وسیع کرتے ہوئے اسے زی کنیکٹ (Z-Connect) کا نام دے دیا گیا ہے اور اس پروگرام میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی اخلاقی تربیت کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، نوجوان اپنے دین سے رشتہ مضبوط کریں، پاکستان عظیم قربانیوں سے وجود میں آیا، نئی نسل ملک سے مایوس نہ ہو بلکہ اعتماد سے متحد ہوکر آگے بڑھے۔ نوجوان دین اور جدید تعلیم سے آراستہ ہو کر ملک و قوم کی خدمت کریں اور جماعت اسلامی کی نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کا حصہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی جہاں ایک طرف حکومت پر نوجوان نسل کو معیاری اور مفت تعلیم فراہمی کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے وہیں ہم اپنے حصہ کا چراغ بھی جلا رہے ہیں، قوم کو مایوسی اور اندھیروں کی دلدل سے نکالیں گے، نوجوانوں کی مدد سے انقلاب برپا کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پاکستان کا قیام جس مقصد کے تحت عمل میں آیا بدقسمتی سے وہ مقاصد اناسی برس گزرنے کے باوجود بھی حاصل نہیں ہوئے، اشرافیہ، جاگیردار وڈیرے پارٹیاں بدل بدل کر قوم پر مسلط ہیں، افسر شاہی کا راج ہے، عوام کو انصاف نہیں ملتا، غریب کے بچے کی تعلیم تک دسترس نہیں، ظلم کا نظام قائم ہے، عوام اور خصوصی طور پر ملک کے نوجوان اپنے حق کے لیے متحد ہوکر جدوجہد کریں اور موجودہ فرسودہ نظام کی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے چترال کے مسائل کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ علاقہ میں بنیادی سہولیات دستیاب نہیں، حکمران پارٹیاں ایک ہی قسم کی ہیں، کوئی بھی عوام کو حق دینے کے لیے تیار نہیں، جماعت اسلامی پرامن مزاحمت سے قوم کو اس کا حق دلائے گی۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا شمالی عنایت اللہ خان، سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان وقاص انجم جعفری اور امیر ضلع وجہیہ الدین نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ مغفرت شاہ، عبدالحق، بنو قابل کے چیف ایگزیکٹو شاہد اقبال، عمیر ادریس اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پولو گراونڈ میں 20ہزار کی تعداد میں کرسیاں لگائے گئے تھے جن پر مختلف عمر کے بچے اور نوجوان پروگرام میں شمولیت کے ٹیسٹ دے دئیے۔






