تازہ ترین

یونیورسٹی آف چترال کے دسویں سینیٹ اجلاس میں مالی سال 27-2026 کے بجٹ تخمینوں کی منظوری

چترال/جامعہ چترال کے سینیٹ کا دسواں اجلاس صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم، آرکائیوز و لائبریریز حکومت خیبر پختونخوا مینا خان آفریدی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے بجٹ تخمینوں کی متفقہ منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں وائس چانسلر جامعہ چترال پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ نے جامعہ کی سال 2025-26 کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے تعلیمی، تحقیقی، انتظامی، مالیاتی اور ترقیاتی شعبوں میں حاصل ہونے والی نمایاں کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ نے محدود وسائل کے باوجود تعلیمی معیار، ادارہ جاتی گورننس، مالی استحکام اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔چیئرمین سینیٹ مینا خان آفریدی نے جامعہ چترال کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور علاقائی ترقی کے فروغ کے لیے جامعات کی بھرپور معاونت جاری رکھے گی۔

بعد ازاں رجسٹرار ڈاکٹر محمد ارشاد، ڈائریکٹر فنانس سیف المجاہد اور بجٹ آفیسر مسٹر سلطان نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ تخمینے پیش کیے۔ سینیٹ نے تفصیلی غور و خوض کے بعد بجٹ کی متفقہ منظوری دیتے ہوئے شفاف مالیاتی نظم و نسق، مؤثر وسائل کے استعمال اور پائیدار ادارہ جاتی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ نے چیئرمین سینیٹ اور اراکین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا، جبکہ اراکین نے جامعہ کی ترقیاتی منصوبہ بندی اور مالی نظم و نسق کو سراہتے ہوئے بجٹ کی منظوری کو ادارے کی ترقی اور استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button