لاہور میں تاریخ رقم: لاہورشاہدرہ کے قریب ”چترال گارڈن لاہور“ کا پروقار اور روح پرور افتتاحی تقریب چترال سے تعلق رکھنے والی ممتاز دینی، علمی اور سماجی شخصیات کی بھرپور شرکت، باہمی اتحاد اور مضبوط کمیونٹی کے عزم کا اعادہ

لاہور (خصوصی رپورٹ):زندہ دلانِ لاہور کی دھرتی پر دیارِ چترال کی روایات، ثقافت اور مستقبل کے روشن امکانات کی نمائندگی کرتا ہوا ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا گیا۔ 18 اکتوبر 2026 بروز اتوار، شاہدرہ لاہور سے محض چار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع پرفضا مقام پر رہائشی منصوبے ”چترال گارڈن لاہور“ کی شاندار اور پروقار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چترال اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے نامور علمائے کرام، مشائخ عظام، متحرک طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
اس پُروقار تقریب کی صدارت چترال سے تعلق رکھنے والے معروف قاری، قاری مقبول احمد صاحب نے فرمائی، جبکہ ممتاز عالمِ دین مولانا قاری شیر زمان صاحب مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے رونقِ بزم بنے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز کلامِ الٰہی کی پاکیزہ آیات سے ہوا، جس کی سعادت ممتاز قاری اور جید عالمِ دین قاری اسعد زمان صاحب نے اپنی پُرسوز لحن میں حاصل کی۔ بعد ازاں، چترال کے نامور نعت خواں محمود شحات الباکستانی نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت و محبت کے گلہائے عقیدت نچھاور کیے، جس سے محفل کا ماحول روحانیت اور وجدانی کیفیات سے سرشار ہو گیا۔
پروگرام کے میزبان اور چترال گارڈن کے سی ای او (CEO) مولانا نصیر اللہ منصور چترالی نے نظامت کے فرائض احسن و شستہ انداز میں انجام دیے۔ انہوں نے شرکائے تقریب کو خوش آمدید کہتے ہوئے چترال گارڈن کے قیام کے مقاصد، وژن اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے واضح کیا کہ چترال گارڈن محض ایک ہاؤسنگ پراجیکٹ نہیں بلکہ لاہور جیسے بڑے میٹروپولیٹن شہر میں چترالی کمیونٹی کے باہمی ربط، فلاح اور اجتماعی ترقی کا ایک مضبوط مرکز بنے گا۔
اس موقع پر چترال گارڈن کے اونر (Owner) جناب عثمان صاحب نے اپنے خطاب میں تمام مہمانوں کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ اس منصوبے کی تکمیل میں اعلیٰ ترین معیار اور خلوصِ نیت کو مقدم رکھا جائے گا اور ہر ممکن انتظامی و تکنیکی تعاون فراہم کیا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اور ممتاز عالمِ دین قاری عزیز اللہ صاحب، مفتی محمد ظفر چشتی صاحب، قاری محمد داؤد صابر صاحب، ممتاز سماجی رہنما قاری شیر عزیز دانش صاحب، مولانا شافعی چترالی، مولانا شرف الدین، معروف پراپرٹی کنسلٹنٹ سراج الدین صاحب، جامع مسجد منصور لاہور کے خطیب و امام قاری وقار احمد چترالی، اور مولانا سیف الاکبر چترالی سمیت دیگر مقررین نے اپنے پُرمغز خیالات کا اظہار کیا۔ تمام مقررین نے چترال گارڈن کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت اور چترالی برادری کے لیے لاہور میں ایک مستحکم و مربوط کمیونٹی ڈویلپمنٹ کا آغاز قرار دیتے ہوئے منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور اپنے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی مولانا شیر زمان نے اپنے کلیدی و بصیرت افروز خطاب میں منصوبے کے قیام پر دلی اطمینان و مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مولانا نصیر اللہ منصور چترالی اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے ان کے لیے دعائے خیر فرمائی۔
پروگرام کا باقاعدہ اختتام مولانا شیر زمان کی رقت آمیز اور برکت بھری دعا پر ہوا۔ تقریب کے بعد معزز مہمانوں کو چترال گارڈن سائٹ کا تفصیلی وزٹ کرایا گیا جہاں شرکاء نے منصوبے کے محلِ وقوع اور ڈیزائن کو بے حد سراہا۔ آخر میں تمام شرکاء کی تواضع کے لیے پروقار اور پرتکلف ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔









