229

محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کے زیر اہتمام ویلج کونسلوں کے ٹینڈرز میں بڑے پیمانے پر گھپلوں کا انکشاف

چترال ( محکم الدین ایونی) چترال کے آر ڈی ڈی لوکل گورنمنٹ آفس میں ویلج کونسلوں کے ٹینڈر وں میں بڑے پیمانے پر گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ گذشتہ روز اپر چترال کے آٹھ ویلج کونسلوں کے ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈر آر ڈی ڈی آفس میں ہوئے ۔ جس میں برائے نام مقابلہ ظاہر کرکے من پسند ٹھیکہ داروں میں کام تقسیم کئے گئے ۔ اور ملی بھگت سے لاکھوں روپے رنگ تقسیم کرکے حکومتی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا ۔ اور ای ٹینڈر کی اصلیت کی قلعی کھول دی ۔ صوبائی حکومت ای ٹینڈر کے ذریعے ٹھیکوں میں شفافیت پیدا کرنے کا دعوی کرکے نہیں تھکتی ۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اب مزید ٹیکنکل طریقے سے کرپشن کا بازار گرم کیا گیا ہے ۔ اور حکومتی خزانے کو پہلے سے زیادہ نقصان پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے ۔گذشتہ روز ہونے والے آٹھ ویلیج کونسل کے ٹینڈروں میں ہونے والے گھپلے اس کی واضح مثال ہیں ، عوامی حلقوں کا کہنا ہے ۔ کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت شفافیت کے حوالے اپنے بلند بانگ دعوے چھوڑ دے یا حقیقی معنوں میں کرپشن پر قابو پاکر عوام اور حکومتی خزانے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے والے ٹھیکہ داروں اور متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کروائی کرکے اُن کا قبلہ درست کرے ۔ انہوں نے فوری طور پر ان ٹینڈروں کو منسوخ کرنے اور شفاف طریقے سے ٹینڈر کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس سلسلے میں گذشتہ روز ضلع ناظم چترال نے کونسل کے اجلاس میں اپنے خطاب میں بلدیاتی ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والے گھپلوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا ۔ اور کہا تھا ۔ کہ بعض ٹھکیہ دار منصوبے کو سپلٹ پر سپلٹ کرکے کام کے معیار کو انتہائی ناقص بناتے ہیں ۔ اور کئی منصوبوں پر 20سے 30فیصد بھی فنڈ خرچ نہیں کی جاتی ۔ ایسے ناقص کام کرنے والے ٹھیکہ داروں اور متعلقہ عملے کے خلاف ایکشن لیا جائے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں