تازہ ترین
میونسپل کمیٹی چترال کی طرف سے مختلف علاقوں کو پانی کی فراہمی جاری
چترال(نامہ نگار) میونسپل کمیٹی چترال نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی جاری رکھی ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ سیلاب کے نتیجے میں چترال ٹاؤن کو پانی فراہم کرنے والی بڑی اسکیم انگارغون واٹر سپلائی اسکیم متاثر ہونے کی وجہ سے چترال ٹاؤن میں پینے کے پانی فراہمی معطل رہی تاہم میونسپل کمیٹی چترال اور ڈبلیو ایس یو نے گولین واٹر سپلائی سے مختلف علاقوں کو پانی کی فراہمی کا بندوبست کیا۔ اسکے علاوہ میونسپل کمیٹی چترال نے اپنے گاڑیوں کے ذریعے بھی اپنے دائرہ عمل میں آنے والے مختلف علاقوں کو پانی کی فراہمی جاری رکھی ہوئی ہے جنمیں بروز، چمرکن، کوغوزی اور سنگور شامل ہیں۔ میونسپل آفیسر چترال کریم اللہ نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عید سے ایک دن قبل انگارغون واٹرسپلائی اسکیم کے پائپ کم از کم تین جگہوں بہہ جانے سے چترال ٹاؤن کو پانی کی فراہمی معطل ہوئی جسکی وجہ سے میونسپل انتظامیہ اور WSUنے شیڈول کے مطابق گولین واٹر سپلائی اسکیم سے ٹاؤن کو پانی کی فراہمی کا بندوبست کیا جبکہ دیگر علاقوں کو میونسپل کمیٹی کے گاڑیوں (فائر ٹینڈر) کے ذریعے پانی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید سے ایک دن قبل شروع کی جانیوالی ریلیف کا کام اب بھی جاری ہے جس سے کثیر تعداد میں لوگوں کو پانی فراہم ہو رہی ہے۔