336

چترال سے تعلق رکھنے والے تیس ہزار کارکنان ، متعلقین اور فرزندان توحید جمعیت کے صد سالہ اجتماع میں شرکت کریں گے /قائدین کاپریس کانفرنس

چترال ( نمائیدہ ڈیلی چترال نیوز ) جمعیت العلماء اسلام چترال کے قائدین نے کہا ہے ۔ کہ چترال سے تعلق رکھنے والے تیس ہزار کارکنان ، متعلقین اور فرزندان توحید جمعیت کے صد سالہ اجتماع میں شرکت کریں گے ۔ اور اس اجتماع کے چترال کے سیاسی حالات پر بھی انتہائی مثبت اثرات پڑیں گے ۔ پیر کے روز امیر جمعیت العلماء اسلام مولانا عبد الرحمن قریشی نے دیگر قائدین سابق ایم پی اے مولانا عبدالرحمن سرپرست اعلی ، قاری وزیر احمد نائب امیر ، مولانا محمودالحسن ڈپٹی جنرل سیکرٹری ، تحصیل ناظم چترال مولانا محمد الیاس وغیرہ کی معیت میں چترال پریس کلب میں ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ جمعیت العلماء اسلام اپنی تحریکی اور نظریاتی سفر کے ایک سو سال پورا کر رہی ہے ۔ اور اسی عنوان سے نوشہرہ کے مقام اضا خیل میں 7سے9اپریل تک ایک عظیم الشان اجتماع منعقد کررہی ہے ۔ جس میں باون اسلامی ممالک سے سفراء اور خصوصا امام کعبہ عبدالرحمن السدیس شرکت کر یں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال سے سالاروں کا قافلہ پہلے ہی پہنچ چکا ہے ۔ جبکہ بڑا قافلہ 6اپریل کی صبح چترال سے روانہ ہو گا ۔ انہوں نے اہلیان چترال سے اس پُر وقار عالمی اجتماع میں بھر پور شرکت کی اپیل کی ۔ سرپرست اعلی جے یو آئی مولانا عبدالرحمن نے کہا ۔ کہ اس اجتماع سے جہاں مذہبی اثرات پھیلیں گے ۔ وہاں اس کے سیاسی اثرات سے بھی پورے ملک خصوصا چترال پر پڑیں گے ۔ کیونکہ جمعیت ایک سیاسی جماعت ہے ۔ امیر جماعت نے کہا ۔ کہ چترال کے مختلف مقامات پر اجتماع کے حوالے سے کنونشن منعقد کئے گئے ہیں ۔ اور لوگوں کے جم غفیر نے اجتماع میں شرکت کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔ جس کیلئے تیاریاں آخری مراحل میں ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں