278

مدرسہ ضیاء القرآن چترال سے فارع التحصیل ہونے والے طالبات میں تقسیم اسناد کی تقریب

چترال (نمائندہ ) چترال کے معروف عالم دین مولانا اسرار الدین الہلال کے زیر سرپرستی دینی تعلیمی ادارہ مدرسہ ضیاء القرآن سے فارع التحصیل ہونے والے طالبات میں تقسیم اسناد کی تقریب منعقدہوئی جس میں ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ مہمان خصوصی تھے جبکہ جماعت اسلامی ضلع چترال کے امیر مولانا جمشید احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم نے کہاکہ تعلیم کے میدان میں ماسٹر اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں لینا اور اعلیٰ ملازمتوں پر پہنچنا اس وقت تک ایک مسلمان کے لئے بے کار ہے جب تک وہ قرآن کی تعلیم بھی حاصل نہ کرے کیونکہ دین کو سمجھنے کے لئے قرآن اور حدیث ہی بنیادی ذرائع ہیں اور یہ بات خوش آئند ہے کہ چترال میں خواتین کی دینی تعلیم کا بیڑا اُٹھاتے ہوئے مولانا اسرارالدین الہلال نے ضیاء القرآن جیسی معیاری ادارے کی بنیاد ڈالی جس سے دختران قوم فیضیاب ہورہی ہیں۔ انہوں نے فارع ہونے والی طالبات پر زور دیا کہ وہ قرآن وسنت کی علم کو دوسروں تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں ۔ انہوں نے کہاکہ مولانا الہلال ایک حق پرست عالم دین کے طور پر جانے جاتے ہیں جس نے کبھی بھی حق بات کو ببانگ دہل کہہ دینے میں ڈر اور خوف محسوس نہ کیا۔ ضلع ناظم نے کہاکہ پاکستان کا قیام کلمہ طیبہ کی بنیاد پر عمل میں آیا تھا اور یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ سات دہائی سال گزرجانے کے باوجود یہاں قرآن کے احکامات اور تعلیمات پر مبنی نظام نافذ نہ ہوسکا اور یہ قرآن کے طالب علموں پر فرض عائد ہوتی ہے کہ وہ اس کے نفاذ کے سلسلے میں بھی عملی قدم اٹھائیں۔ ضلع ناظم نے مدرسہ ضیاء القرآن میں مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے تین لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مولانا جمشید احمدنے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک مسلمان پر قرآن پاک کے کئی حقوق ہیں جن میں سے ایک قرآن فہمی ہے اور ہر مسلمان کوچاہیے کہ وہ قرآن کا خاطر خواہ علم حاصل کرے۔ انہوں نے کہاکہ چترال میں خواتیں کے لئے قرآن فہمی اور تجوید کے سلسلے میں مدرسہ ضیاء القرآن کا ایک نمایان اور ممتاز کردار ہے۔ اس سے قبل مدرسے کا مہتمم مولانا اسرارالدین الہلال نے کہاکہ مدرسے سے اس سال 46طالبات نے مدرسہ رابطۃ المدارس کے امتحان میں ممتاز درجہ یعنی اے گریڈ میں کامیابی حاصل کی جبکہ مدرسہ ضیاء القرآن ضلع چترال میں وہ واحد مدرسہ ہے جہاں تجوید قرآن کی تعلیم دی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تجوید اور قرآت کے لئے محکمہ تعلیم میں استانیوں کی بھرتی کے لئے اس مدرسے کے اسناد کو قبولیت کا درجہ حاصل ہے اور یہ قابل فخر بات ہے کہ گزشتہ سالوں سے اس مدرسے کے فارع التحصیل طالبات کو ہی ملازمت کے لئے چن لئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران خواتین کے لئے قرآن فہمی کی خصوصی کلاسیں چلائے جاتے ہیں جبکہ اس مدرسے سے انفرادی طورپر بھی کئی اعلیٰ تعلیم یافتہ حضرات قرآن کی تعلیم حاصل کرچکے ہیں اور اب اعلیٰ حکومتی عہدوں پر فائز ہیں۔اس موقع پر فارع التحصیل ہونے والی طالبات میں ضلع ناظم کے علاوہ امیر جماعت اسلامی مولانا جمشید احمد ، چترال پریس کلب کے صدر ظہیرالدین اور سینئر صحافی شہریار بیگ اور سید نذیر حسین شاہ نے بھی اسناد تقسیم کی جنہیں طالبات کی طرف سے ان کے باپ یا بھائیوں نے وصول کیا۔ جماعت اسلا می کے تحصیل امیر چترال عتیق الرحمن نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دئیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں