257

پرویز خٹک کا لواری ٹنل کے قریب کوچ حادثہ پر اظہار افسوس، ضلعی انتظامیہ کو موثر اقدامات کی ہدایت

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے راولپنڈی سے چترال جانیوالی مسافر کوچ دیر بالا میں لواری ٹنل کے قریب اندوہناک حادثے کا شکار ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے وزیراعلیٰ نے اس دلخراش واقعے کی اطلاع ملنے پر فوری طور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو حرکت میں آنے اور امدادی کاروائیوں کے علاوہ مقامی ہسپتالوں مںیں ایمرجنسی ڈیکلئیر کرنے کی ہدایت کی انہوں نے واضح طور پر ہدایت کی کہ زخمیوں کے علاج میں کوئی کوتاہی نہیں آنا چاہئے اور اس ضمن میں بھی ہسپتال انتظامیہ سے زیادہ دیر بالا کی ضلعی انتظامیہ موثر نگرانی کرے تاکہ شدید زخمیوں کا مقامی طور پر علاج نہ ہونے کی صورت میں انہیں قریبی بڑے ہسپتالوں کو فوری منتقلی آسان بنائی جا سکے انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے علاوہ ملاکنڈ کے ڈویژنل حکام کو پہاڑی علاقوں میں آئے روز اسطرح کے المناک واقعات کی روک تھام کیلئے مربوط اقدامات کی ہدایت بھی کی پرویز خٹک نے واقعے میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی جبکہ متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

مظفر سید ایڈوکیٹ کا لواری حادثے پر اظہار افسوس
خیبر پختونخواکے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے لواری ٹنل کے قریب مسافر کوچ گہری کھائی میں گرنے کے حادثے پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے انہوں نے حادثے کی اطلاع ملنے پر مقامی انتظامیہ کو فوری امدادی کاروائی شروع کرنے جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن کو بھی متاثرہ جگہ ایمبولینس اور رضاکار بھیجنے اور مقامی و ہسپتال انتظامیہ سے قریبی معاونت کی ہدایت کی انہوں نے المناک حادثے کا شکار ہونے والے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں