نیٹیو NATIVEسکول سسٹم نے حسب روایت امسال بھی امتحانات میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک پر وقار تقریب

چترال ( نامہ نگار) چترال کی قدیم تہذیب کے حامل منفرد سیاحتی وادی بمبوریت میں علم کی شمع روشن کرنے میں مصروف عمل نیٹیو NATIVEسکول سسٹم نے حسب روایت امسال بھی امتحانات میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا ۔ جس میں طلبہ ، والدین ، اساتذہ اور علاقائی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی سابق تحصیل ناظم چترال و ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز کالا ش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( KVDA)سرتاج احمد خان تھے۔ جبکہ دیگر مہمانوں میں آغا خان ایجوکیشن کے ریسرچ انسٹرکٹر روبینہ نواب و عبدالولی سنئیر انسٹرکٹر شامل تھے
تقریب میں سکول کے طلبہ کی خوشی اور دلچسپی دیدنی تھی ۔ بچوں نے تلاوت ، نعت شریف ، ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دیکھائے ۔ اس سکول کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے ۔ کہ اس پبلک سکول میں مسلم اور نان مسلم طلباء وطالبات دونوں ایک سا تھ زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں ۔ اس تقریب میں انہوں نے اپنی اپنی زبانوں میں وطن کے گیت گاکر حاضریں سے خوب داد وصول کی ۔
آغا خان ایجوکیشن سروس سے وابستہ روبینہ نواب اور عبدالولی نے اپنے ریسرچ کی بنیاد پر تعلیم کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا ۔ اور سکول کے بچوں کے ٹیلنٹ کی تعریف کی ۔ اور کہا، کہ تعلیم کے فروغ کیلئے آغا خان ایجوکیشن کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں ، اور ہم بمبوریت وادی میں تعلیمی سرگرمیوں میں تعاون کیلئے ہمہ وقت حاضر ہیں ۔
مہمان خصو صی بورڈ ممبر کے وی ڈی اے سرتاج احمد خان نے اپنے تجربات کی روشنی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ آج وقت کے تقاضوں کے مطابق تعلیم کی ضرورت ہے ۔ روایتی تعلیم کا دور اب گزر چکا ۔ اس لئے والدین اپنے بچوں کواچھے تعلیمی اداروں میں داخل کرکے معیاری تعلیم دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ کالاش ویلی قدیم ثقافت کا حامل سیاحتی علاقہ ہے ۔ اس لئے علاقے میں سیاحت کو ترقی دینے اور گھر بیٹھے آمدنی حاصل کرنے کیلئے اچھی تعلیم کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے NATIVE سکول سسٹم کے فروغ تعلیم کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کی ، اور ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا ، اس موقع پر اساتذہ اور سکول کے طلباء و طالبات میں شیلڈ اور انعامات تقسیم کئے گئے ۔






