ڈی سی لوئر چترال کے زیر صدارت چترال میں موبائل نئٹ ورک کی ناقص کارکردگی کے حوالےسےاہم اجلاس

چترال(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر لوئر چترال، راؤ ہاشم عظیم کی زیر صدارت لوئر چترال اور اپر چترال میں مواصلاتی نظام کی ناقص کارکردگی اور عوام کو درپیش مشکلات کی حل کے لیے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) زونل آفس پشاور کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اس موقع پر تمام متعلقہ ٹیلی کام سٹیک ہولڈرز، بشمول سیلولر موبائل آپریٹرز، فکسڈ لائن وائس پرووائیڈرز اور ڈیٹا سروس پرووائیڈرز کے نمائندے بھی موجود تھے۔
اجلاس کا مقصد دونوں اضلاع کے علاقوں میں کمزور نیٹ ورک سگنلز، انٹرنیٹ کی سست رفتار اور خاص طور پر ٹیلی نار سروسز سے متعلق عوامی شکایات کا تفصیلی جائزہ لینا اور ان کے مستقل حل کے لیے حکمت عملی وضع کرنا تھا۔
اجلاس میں علاقے میں ٹیلی کام سروسز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیےگۓ۔اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ علاقے میں فوری طور پر جامع سروے شروع کیا جائے گا۔تا کہ نیٹ ورک کی کارکردگی میں موجود خامیوں کو سائنسی بنیادوں پر شناخت کیا جاسکے ۔
یہ سروے لوئر چترال سے شروع ہوگا اور بعد میں اس کا دائرہ اپر چترال تک بڑھایا جائے گا تاکہ دونوں اضلاع کے صارفین کے مسائل کا احاطہ کیا جاۓ۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ نیٹ ورکس کے نمائندوں کو واضح ہدایات کیں کہ وہ مسائل کی حل کے لیے فوری اور عملی اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مسائل کی نشاندہی کے بعد متعلقہ نیٹ ورکس کے ذمہ داران فوری طور پر کام شروع کریں تاکہ صارفین کو کمزور نیٹ ورک اور انٹرنیٹ کے مسائل سے مستقل چھٹکارا مل سکے۔
اجلاس کے اختتام پر، اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عوام کی ٹیلی کام ضروریات کو پورا کرنے اور ایک موثر، مربوط مواصلاتی نظام قائم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے.