261

چترال کے غریب عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر کوچنگ کی سہولت بہم پہنچانے کے لئے ایک تاریخی قدم لیاہے/اسسٹنٹ کمشنرچترال عبدالاکرم

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکر م نے کہا ہے کہ چترال کے شہید ڈپٹی کمشنر اسامہ احمد وڑائچ نے چترال میں اپنی تعیناتی کے دوران عوامی بھلائی کے لئے جو خدمات انجام دی تھی، ان میں چترال کے طلباء وطالبات کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں پیشہ ورانہ کالجوں میں داخلوں کے ٹیسٹوں کے لئے تیارکرنے کے واسطے کوچنگ اینڈ کیرئیر پلاننگ اکیڈیمی کا قیام شامل ہے جس کے لئے ہر سال سینکڑوں والدین اپنے بچوں کو لاکھوں روپے کے خرچے برداشت کرکے پشاور بھیجتے تھے۔ گورنمنٹ ہائی سکول چترال میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسامہ احمد وڑائچ شہید ایک وژنری افسر تھے جس نے چترال کے غریب عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر کوچنگ کی سہولت بہم پہنچانے کے لئے ایک تاریخی قدم لیا جسے اب پورے ضلعے میں سراہا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اب ہمیں تمام سخت محنت کے ذریعے اپنا مقام آپ پید ا کرنے اور مستقبل کے لئے اپنے آپ کو تیارکرنے کی ضرورت ناگزیر ہوگئی ہے کیونکہ سی پیک کی تکمیل کے بعد بھی اگر چترال میں تکنیکی اور تعلیمی طور پر ہماری تیاری کی حالت بہتر نہیں ہوئی تو دوسرے قوموں کا دست نگر رہنا ہمارا مقدر بن جائے گا۔ اس سے قبل گورنمنٹ کالج چترال کے ٹیچنگ فیکلٹی کے ممبران تنزیل الرحمن اور فداء الرحمن اور ایک مقامی پرائیویٹ کالج کے پرنسپل سردار احمد نے کوچنگ اکیڈیمی کے بارے میں تفصیلات بیان کیا اور اسامہ شہید کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع بتایا گیاکہ اس اکیڈیمی میں نہ صرف میڈیکل اور انجینئرنگ کالجوں کے لئے تیاری کرائی جارہی ہے بلکہ کیڈٹ کالجوں میں داخلے کے لئے تیاری سمیت دوسرے پروگرام بھی شامل ہیں جبکہ مستقبل قریب میں فنی کورسز بھی شامل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اکیڈیمی میں دوسرے بیج کی کلاسز 22۔مئی سے شروع ہوں گے۔ چترال پریس کلب کے صدر ظہیرالدین نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اکیڈیمی کی اہمیت اور شہید اسامہ کی خدمات بیان کی۔ گورنمنٹ ہائی سکول چترال کے پرنسپل کمال الدین بھی موقع پر موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں