بائی پاس روڈ میں آغا خان ڈائیگناسٹک سنٹر کے قریب تجاریونین چترال کے نئے دفتر کا افتتاح

چترال (نمائندہ ) بائی پاس روڈ میں آغا خان ڈائیگناسٹک سنٹر کے قریب تجاریونین چترال کے نئے دفتر کا افتتاح جمعہ کے روز منعقد ہوا جس میں محمد طلحہ محمود فاونڈیشن کے ریجنل کوارڈنیٹر مبشر مہمان خصوصی تھے جبکہ معروف عالم دین اور جامع مسجدشاہی بازار کے خطیب مولانا اسرار الدین الہلال اور شیخ القرآن مولانا حسین احمد نے فیتہ کاٹ کر باضابطہ افتتاح کی رسم ادا کی۔ دفتر کی تزئین وآرائش کے لئے سنیٹر محمد طلحہ محمود نے تجار یونین کے چیف ایگزیکٹو دین محمد ندیم کی درخواست پر فراہم کیا تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مبشر حسین نے محمد طلحہ محمود فاونڈیشن کی طرف سے تجار برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہاکہ سنیٹر طلحہ محمود تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں بہت ہی دلچسپی رکھتے ہیں اور اس دفتر کا افتتاح بھی خود کرنا چاہتے تھے لیکن عین وقت میں انہیں ایک ضروری کام پر اسلام آباد جانا پڑ گیا۔ انہوں نے کہاکہ چترال میں جہاں بھی ضرورت ہوگا، ہم فاونڈیشن کے ذریعے ہرقسم مدد کے لئے تیار ہیں۔ ان سے قبل مولانا اسرارالدین الہلال نے تاجربرادری کے مسائل کے حل میں تجاریونین کی کردار پر روشنی ڈالی اور تاجربرادری کا آپس میں اتحادو اتفاق پر زور دیا اور یونین کے لئے دفتر کا انتظام و انصرام کرنے پر چیف ایگزیکٹو دین محمد ندیم کی کوششوں کو سراہاجبکہ موقع پر موجود صدر نورا حمد خان کی قائدانہ صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔ تجاریونین کے صدر نور احمد خان نے بھی تاجر برادری کی صفوں میں اتحادو اتفاق پر زور دیا۔ اس موقع پر تجار یونین کے ایگزیکٹو کمیٹی کے نائب سرپرست اعلیٰ انجینئر فتح الرحمن اور دوسرے تاجر رہنما جنرل سیکرٹری ملک اسرار ،کفایت اللہ، حاجی شیر حکیم، زرمست خان، شاکر اللہ، طاہر زمان آہیل اور دوسرے بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں تجار یونین کے چیف ایگزیکٹو دین محمد ندیم نے سنیٹرمحمد طلحہ محمود کی چترال کے لئے خدمات اور یہاں مسائل کے حل کے لئے ان کی خلوص او ر بے لوث جذبہ اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے چترالی عوام کی خدمت کا جو بیڑا اٹھار کھا ہے، اسے چترال کے عوام کی اکثریت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سنیٹر محمد طلحہ محمود چترال میں محروم طبقوں اور غریبوں کے لئے امید کی کرن بن گئے ہیں جوکہ ہر ضرورت مند کے پاس پہنچ جاتے ہیں اور کہیں بھی امتیاز نہیں برتتے جوکہ ان کا اعلیٰ وصف ہے۔