286

کھیلوں کی سرگرمیوں کے جدید اندازمیں فروغ کے لئے پشاور ماڈل سٹی میں جدید سہولتوں سے آراستہ بین الاقوامی معیار کا سپورٹس سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا،سی ایم

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)وزیراعلیٰ خیبر پختونخواپرویز خٹک نے اعلان کیا ہے کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے جدید اندازمیں فروغ کے لئے پشاور ماڈل سٹی میں جدید سہولتوں سے آراستہ بین الاقوامی معیار کا سپورٹس سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے صوبے میں سپورٹس کی سرگرمیوں اور سہولتوں کے اقدامات کو تیزکرنے اور انہیں مربوط بنانے کے لئے صوبائی محکمہ کھیل کا اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ وہ آج وزیراعلیٰ ہاوس میں خیبرپختونخوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے وفد نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے سپورٹس سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان اقدامات کی کامیابی میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا وفد نے بتایا کہ ایسوسی ایشن صوبائی حکومت کی سرپرستی میں خیبرپختونخوا کی کھیلوں کی سرگرمیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے بیرونی ممالک کے ساتھ سپورٹس جرنلسٹس کے وفود کے تبادلے بھی کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے آئندہ20اکتوبر سے پشاور میں سپورٹس جر نلسٹس کی قومی ورکشاپ اور سپورٹس جرنلسٹس کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متحرک کرنے کے لئے صوبائی حکومت کے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی صحت مند سرگرمیوں کا فروغ اور ان کے لئے تمام ضروری اور جدید سہولتوں کی فراہمی پی ٹی آئی کی موجودہ صوبائی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چےئرمین عمران خان بھی کھیلوں کے شعبے کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کھیلوں کی ترقی کے لئے سپورٹس جرنلسٹس کو بھی ضروری سہولتوں کی فراہمی کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں