وفاقی سیکرٹریٹ میں سیکشن آفیسرز کی 700 پوسٹوں پر گلگت، بلتستان سے آفیسر موجود نہیں، ملازمین میں مایوسی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) گلگت، بلتستان سے تعلق رکھنے والے وفاقی سیکرٹریٹ کے ملازمین استحصال کا شکار۔ تفصیلات کے مطابق ملک پانچویں انتظامی صوبے کا درجہ رکھنے والے گلگت، بلتستان کی وفاقی سیکرٹریٹ کے 700 سیکشن آفیسران میں کوئی نمائندگی نہیں ہے، 34 سے زائد وفاقی وزارتوں اورڈویژنز میں جی بی سے تعلق رکھنے والے آفیسرز نہ ہونے کے برابر ہیں،انتہائی معتبر ذرائع کے مطابق وفاقی سیکرٹریٹ میں تقریباََ700سیکشن آفیسرز کی پوسٹیں موجود ہیں لیکن ان میں گلگت، بلتستان کا کوئی کوٹہ موجود نہیں جبکہ چند افراد متعلقہ پوسٹ پر تعیناتیکے کلی طور پر اہل بھی ہیں، آفیسر رینک کے عہدوں پر گلگت، بلتستان سے اہل افراد کی عدم تعیناتی اور استحصالی صورتحال پر جی بی کی عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ آغاز حقوق بلوچستان پیکج کے تحت بلوچستان کے باسیوں کی بھی وفاقی سیکرٹریٹ میں نمائندگی کسی حد تک نظر آتی ہے لیکن گلگت، بلتستان کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ سیکشن آفیسرز پروموشنل امتحانات میں کوٹہ نہ ہونے کی وجہ سے سیکرٹریٹ میں زیادہ تر پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے ملازمین تعینات ہوتے ہیں جس کی وجہ سے عمدہ کارکردگی اور اچھے سروس ریکارڈ کے حامل دیگر صوبوں بالخصوص گلگت، بلتستان کے سرکاری ملازمین میں مایوسی اور نا امیدی جنم لے رہی ہے۔