بحیثیت مسلمان صفائی کو یقینی بنانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے/ اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکرم خان
چترال (ڈیلی چترال نیوز) اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکرم خان نے کہا ہے کہ بحیثیت مسلمان صفائی کو یقینی بنانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے جس کے ذریعے ہم مختلف النوع بیماریوں سے چھٹکار ا پاسکتے ہیں اور ہسپتالوں کے احاطے میں صفائی کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے اور ضلعی انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے احاطے اور جنرل وارڈوں سمیت ایمرجنسی وارڈ میں صفائی کے لئے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے یہاں خصوصی مہم چلارہی ہے۔ منگل کے روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں صفائی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے عوام پر بھی زور دیا کہ وہ بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور صفائی کی حالت کو قائم رکھنے میں ہسپتال عملے کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور خود بھی کوڑا کرکٹ پھیلانے اور واش روموں کے استعمال میں نہایت ذمہ داری کا مظاہرہ کریں کیونکہ جب تک کمیونٹی کا تعاون شامل حال نہ ہو، کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی۔ اس موقع پر تحصیل میونسپل افیسر قادر ناصر بھی موجود تھے ۔ مہم میں ایک مقامی سکول کے طلباء اور غیر سرکاری تنظیم کے رضاکار وں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر ٹی ایم اے کے فائر بریگیڈ گاڑی کی پانی سے وارڈوں کو دھولیا گیا۔