امیر مقام کی طرف سے اعلان کردہ امدادی رقوم ا رسون سیلاب متاثرین میں تقسیم کئے گئے
دروش(نامہ نگار)وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام کی طرف سے ارسون کے سیلاب متاثرین کیلئے امداد شدہ رقم ہفتے کے روز دروش میں تقسیم کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ سال ارسون کے مقام پر آنیوالے سیلاب میں متاثر ہونے والے افرادکیلئے وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے وفاقی حکومت کی طرف سے امدادی رقم کا اعلان کیا تھا۔بیت المال پاکستان کے ذریعے ان متاثرین کو امدادی رقوم کی فراہمی کے لئے انتظامات کئے گئے اور ہفتے کے روز ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دروش کے دفتر میں امدادی چیک متاثرین میں تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر امیر مقام کے پرسنل سیکرٹری امین الحق، پرسنل اسسٹنٹ عادل خان،مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر سید احمد خان،معروف عالمدین قاری جمال عبدالناصر،نوید الرحمن چغتائی، شوکت الملک، وی سی ناظمین عمران الملک، طارق عزیز،مولانا سمیع اللہ ناظم ارسون، لوخان صوابی، محمد اقبال نمائندہ دیر،ڈسٹرکٹ آفیسر بیت المال محمد یونس،تحصیلدار دروش میں محمد غفران اور عبدالسلام،حاجی شیر بہادر، نظام الدین کونسلر شیشی کوہ وغیرہ موجود تھے۔اس موقع پر سیلاب سے متاثرہ 21افراد کو فی کس 50/50ہزار روپے کے چیک دئیے گئے۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر سابق ایم پی اے سیداحمد خان نے کہا کہ وفاقی حکومت چترال کے عوام کیساتھ ہر ممکن تعاون اور چترال کی ترقی میں مکمل دلچسپی لے رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کے مشیر امیر مقام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو بھی وعدے کئے ہیں انہیں پورا بھی کیا ہوا۔امیر مقام کے پرسنل سیکرٹری امین الحق اور پرسنل اسسٹنٹ عادل خان نے اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر کی طرف سے ہمدردی کا پیغام بھی پہنچایا۔