چترال کی قیمتی حیاتیاتی تنوع کی تحفظ کے لئے کمیونٹی کو محکمہ وائلڈ لائف کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا ہاتھ بڑہانا چاہئے/منہاس الدین/عجازاحمد
چترال (ڈیلی چترال نیوز) ا یڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال منہاس الدین نے کہا ہے کہ چترال کی قیمتی حیاتیاتی تنوع کی تحفظ کے لئے کمیونٹی کو محکمہ وائلڈ لائف کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا ہاتھ بڑہانا چاہئے جس کے بغیر کنزرویشن کی کوئی بھی کوشش کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتی اورقدرت کی طرف سے یہ قیمتی اور بیش بہا تخفے علاقے کی حسن کو بڑہانے اور ٹورزم کی ترقی اور علاقے میں غربت وپسماندگی کو کم کرنے کا باعث بن سکتے ہیں۔ پیر کے روز چترال گول نیشنل پارک میں ایک قیمتی باز کی نسل سے تعلق رکھنے والے پرندے کو آزاد کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سیکر فالکن (چرخ) کی اس علاقے میں موجودگی ہی اس علاقے کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے جسے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ دنوں اپر چترال کے کاغ لشٹ کے مقام پر غیر قانونی شکاریوں سے برامد کرکے باز کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا ۔ اس موقع پر ڈی۔ ایف ۔ او وائلڈ لائف اعجاز احمد ، ڈی۔ ایف۔ او چترال گول نیشنل پارک ڈویژن ارشاد احمداور ایس ڈی ایف او وائلڈ لائف الطاف علی شاہ بھی موجود تھے۔ ڈی ایف او وائلڈ لائف اعجاز احمد نے کہاکہ غیر قانونی شکاریوں غلام اسحاق ، غلام نبی اور سعادت خان ساکنان پشاور کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے انہیں بائیوڈایورسٹی ایکٹ 2015ء کے تحت 30ہزار روپے جرمانہ کیا گیاتھا اور اس ضبط شدہ باز کو چترال گول نیشنل پارک میں چھوڑ ا جارہاہے جوکہ اس پرندے کا قدرتی مسکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس قسم کی غیر قانونی شکاری سرگرمیوں سے محکمے کو باخبر رکھنا ہر شہری پر فرض ہے تاکہ قیمتی نسل کے پرندوں کی تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔