Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

چترال میں گذشتہ روز سے بارش پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری

چترال ( محکم الدین ) چترال میں گذشتہ روز سے بارش پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ جمعرات کے روز چترال کے بالائی علاقوں تورکہو کے مقام شاگرام ،مستوج ، یارخون ، لٹکوہ گبور ، بگوشٹ اور کالاش ویلی کی پہاڑوں پر برفباری ہوئی اور برف کی سفید چادر نے پہاڑوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ برفباری لواری ٹاپ اور چترال گلگت روڈ شندور پر بھی ہوئی ، تاہم شندور کے راستے آمدورفت بحال رہی ۔ جبکہ پشاور سے چترال اور چترال سے پشاور جانے والے مسافر لواری ٹنل کے راستے اپنی منزل کی طرف روانہ ہوئے ۔ موڑکہو میں جمعرات کی صبح بارش کا آغاز ہوا ۔ اور دو گھنٹے ہلکی بارش کے بعد دوبارہ تھم گئی ۔ تاہم موڑکہو کے لوگوں میں بارش سے خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ کیونکہ یہ پانی کی کمی کا شکار علاقہ ہے ۔ جہاں کے لوگ گذشتہ کئی مہینوں سے بارش کا شدت سے انتظار کر رہے تھے ۔ بارش اور برفباری سے چترال میں سردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے ، لوگوں نے گرم ملبوسات کی خریداری کیلئے کباڑی بازاروں کا رُخ کر لیا ہے ۔ اور جلانے کی لکڑی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ تاہم چترال کا موسم گذشتہ کئی مہینوں سے خُشک ہونے کی وجہ سے شدید فضائی ماحولیاتی آلودگی کی لپیٹ میں تھا ۔ اور آسمان و پہاڑوں پر دھواں کی مہیب چادر نے قبضہ جما رکھا تھا ۔ بارش سے دھواں سے نجات مل گئی ہے ۔ اور ہوا صاف ہوگیا ہے ۔ اور یہ توقع کی جارہی ہے کہ ماحولیاتی کثافت کی وجہ سے پھیلنے والی بیماریوں میں کمی واقع ہوگی ۔

Related Articles

Back to top button