Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

اسمٰعیلی نیشنل کونسل کے اعلامیہ کے مطابق پرنس کریم آغاخان 9دسمبر کو چترال کا دورہ کرینگے

چترال(چ،پ)اسماعیلی فرقے کے روحانی پیشوا پرنس شاہ کریم آغا خان اس مہینے چترال کا دورہ کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق اسمٰعیلی فرقے کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغاخان7دسمبر کو پاکستان کے سرکاری دورے پر پہنچ رہے ہیں۔ اسمٰعیلی نیشنل کونسل کے اعلامیہ کے مطابق پرنس کریم آغاخان 9دسمبر کو چترال کا دورہ کرینگے،اس موقع پر بونی اور گرم چشمہ میں دیدار اور دربار منعقد ہونگے۔اسمٰعیلی کمیونٹی میں فرقے کے امام کے دیدار اور دربار کو انتہائی اہمیت حاصل ہے اور دسمبر کے مہینے میں دیدارودربار کی تقاریب میں ہزاروں کی تعداد میں اسمٰعیلی برادری کے افراد شرکت کریں گے۔اس سلسلے میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ بونی میں دیدار کی تقریب کیلئے کروئے جنالی کے قریب دریا کے کنارے وسیع وعریض رقبے کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں پر دیدار میں شرکت کے لئے آنیوالوں کی سہولت کے لئے انتظامات بھی کئے جارہے ہیں۔ پرنس کریم آغاخان خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے دیدار گاہ سے متصل ہیلی پیڈ میں اتریں گے جہاں سے وہ انکے لئے مختص کردہ کمپاؤنڈ میں تشریف لائینگے۔بعد ازاں دیدار اور دربار کی تقریب منعقد ہوگی۔ دیداراور دربار میں شرکت کیلئے آنیوالے افراد دریائے مستوج کی دوسری طرف گاڑیاں پارک کرکے پیدل دیدار گاہ پہنچیں گے۔ اس سلسلے میں شرکاء کی آسانی کے لئے دریائے یارخون کے اوپر متعددعارضی پل تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ دریا کے پار گاڑیوں کے لئے وسیع و عریض پارکنگ ایریا مقرر کیا گیا ہے جہاں پر کم از کم تین ہزار گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہوگی۔ دیدار کی تقریب کے حوالے سے سیکورٹی کے انتظامات بھی انتہائی سخت کئے گئے ہیں ۔ بعد ازاں پرنس کریم آغاخان گرم چشمہ میں بھی اپنے پیروکاروں سے ملیں گے اور وہاں پر دیدار ودربار کی الگ تقریب منعقد ہوگی۔
یاد رہے کہ 14سال قبل پرنس کریم آغا خان نے چترال کا دورہ کیا تھا اور امامت کے ڈائمنڈ جوبلی کے حوالے سے اپنے پیروکاروں سے ملنے کے لئے چترال کا دورہ کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اسمٰعیلی فرقے کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغاخان کو پاکستان میں سربراہ مملکت کے برابر پروٹوکول حاصل ہے ۔ پرنس کریم آغاخان ہنزہ کا بھی دورہ کرینگے۔ پرنس کریم آغا خا ن کو اس دورے کی دعوت حکومت پاکستان کی طرف سے دی گئی ہے جوکہ امامت کے ڈئمنڈجوبلی تقریبات کے سلسلے میں ہے۔

Related Articles

Back to top button