چترال کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں ، تاہم ان کی رہنمائی اور تربیت کی اشد ضرورت ہے؍رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخارالدین
چترال ( محکم الدین ) ایم این اے چترال شہزادہ افتخارالدین نے کہا ہے ۔ کہ چترال کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں ۔ تاہم ان کی رہنمائی اور تربیت کی اشد ضرورت ہے ۔ چترال کا مستقبل ان ہی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے ۔ اور تعلیم یافتہ و باصلاحیت نوجوان ہی چترال کو ترقی سے ہم کنار کر سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول ایون کے انٹر سکول فٹبال مقابلوں میں ملاکنڈ ڈویژن میں نمایان کامیابی حاصل کرنے والے ٹیم کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سکول کے پرنسپل وقار احمد اساتذہ اور طلباء بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ایون ہر لحاظ سے زرخیز علاقہ ہے ۔ اور دوسرے قصبات کے مقابلے میں یہاں کافی سہولیات نوجوانوں کو حاصل ہیں ۔ اس لئے طلباہ سپورٹس کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم پر بھر پور توجہ دیں ۔ انہوں نے چترال کی تعمیر وترقی کیلئے کئے جانے والے اپنی کو ششوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ اور لوارٰی ٹنل ، گولین ہائیڈل پاور سٹیشن کے حوالے سے اپنی کوششوں کا ذکر کیا ۔ اور وزیر اعظم کی طرف سے کالاش ویلیز روڈ کی تعمیر سے علاقے میں سیاحوں کی آمد سے ہونے والی آمدنی اور معاشی طور پر بہتری کی اُمید کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سی پیک منصوبے سے چترال میں ناقابل یقین تبدیلی آئے گی ۔ اس لئے چترال کے لوگوں کو آنے والے حالات کیلئے خود کو تیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ لوگوں کو یہ بات سمجھنی چاہیے ۔ کہ کون سی حکومت اُن کے مسائل حل کرنے پر توجہ دے رہی ہے ۔ ایم این اے نے سپورٹس کے نوجوان طلباء کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ اور اپنی طرف سے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر پرنسپل وقار احمد نے ایم این اے کی طرف سے طلباء کی حوصلہ افزائی کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ طلباء نے انعام کے اعلان پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا ۔