الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کےلئے تاریخ کا اعلان کردیا

سینیٹ کے انتخابات 3 مارچ کو ہوں گے جس کے لیے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی، کاغذات نامزدگی 4 فروری سے 6 فروری تک جمع کرائے جاسکیں گے جب کہ کاغذات کی جانچ پڑتال 9 فروری تک مکمل کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ اور پنجاب سے 12،12 سینیٹرز، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے 11،11 سینیٹرز کا انتخاب کیا جائے گا۔
اسلام آباد سے ایک جنرل اور ایک ٹیکنوکریٹ کی نشست پر انتخاب ہوگا جب کہ سندھ اور پنجاب سے7 جنرل، 2 ٹیکنوکریٹس، 2 خواتین اور ایک اقلیتی رکن کا انتخاب ہوگا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق فاٹا سے 4 نشستوں پر انتخاب ہوگا اور چاروں جنرل نشستیں ہیں۔
یاد رہے کہ 11 مارچ کو 104 میں سے سینیٹ کے 52 ممبران ریٹائرڈ ہو رہے ہیں جن میں پنجاب اور سندھ سے 12،12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 11،11 سینیٹرز ریٹائر ہورہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے 26 ممبران میں سے 18 سینیٹرز، مسلم لیگ (ن) کے 27 میں سے 9 سینیٹرز، اسلام آباد سے 2 اور فاٹا سے بھی 4 سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے جب کہ جے یوآئی (ف) کے 5 میں 3 سینیٹرز ریٹائر ہو جائیں گے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے 6 میں سے 5 سینیٹرز اور تحریک انصاف کا 7 میں سے ایک سینیٹر ریٹائر ہوگا جب کہ مسلم لیگ (ق) کےتمام 4 سینیٹرز ریٹائر ہو جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیوایم کے طاہرمشہدی، نسرین جلیل اور فروغ نسیم بھی ریٹائر ہونے والوں میں شامل ہیں جب کہ اسحاق ڈار، نزہت صادق، کامران مائیکل، ذوالفقارکھوسہ اور نثارمیمن بھی ریٹائر ہوجائیں گے۔