چترال شہر اور مضافات میں بارش اور برفباری ہوئی ۔کالاش ویلی میں 6 انچ ، گرم چشمہ گبور 8انچ ، لواری ٹنل میں ایک فٹ برف پڑی
چترال ( محکم الدین ) بدھ کے روز چترال شہر اور مضافات میں بارش اور برفباری ہوئی ۔کالاش ویلی میں 6 انچ ، گرم چشمہ گبور 8انچ ، لواری ٹنل میں ایک فٹ برف پڑی ، جبکہ موڑکہو اطول سہت میں 4انچ ، کھوت 6انچ اور تریچ پر بھی برف نے اپنی سفید چادر بچھا دی ۔ لواری ٹنل پر برف کی وجہ سے مسافر گاڑیوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ اور کئی گاڑیوں کے مسافر پھسلن کی وجہ سے پیدل چلنے پر مجبور ہوئے ۔ کئی مسافر جو منگل اور بدھ کی درمیانی شام کو پشاور اور راولپنڈی سے چلے تھے ۔ وہ خراب موسم اور برفباری کے باعث تشویشناک حالات سے دوچار ہوئے ۔ چترال میں برفباری کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے ۔ جس پر لکڑی کے ٹل والوں نے حالات کا نا جا ئز فائدہ اُٹھاتے ہوئے جلانے کی لکڑی من مانی قیمت پر فروخت کر رہے ہیں ۔ اسی طرح کوئلے کی قیمت بڑھا دی گئی ہے ۔ بارش سے جہاں لوگوں کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ وہاں اسے فصلوں اور موسمی بیماریوں کے خاتمے کیلئے نیک شگوں بھی قرار دیا جارہا ہے ۔ چترال کے کئی علاقے جہاں بارش نہ ہونے کی وجہ سے فصلوں کو پانی دینے کا شدید مسئلہ درپیش ہے ۔ انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ اسی طرح بزرگ افراد اسے علاقے کیلئے انتہائی فائدہ مند قرار دے رہے ہیں ۔ کیونکہ برفباری سے گلیشئر کے حجم میں اضافہ ہوگا ۔ جو مستقبل میں پانی کمی کی پوری کرنے میں مددگار ہو گا ۔