وائس چانسلر کی ہدایت پریونیورسٹی آف چترال کے وفد کی ممبر صوبائی اسمبلی فتح الملک علی ناصر سے ملاقات

چترال(نامہ نگار) وائس چانسلریونیورسٹی آف چترال پروفیسرڈاکٹر حاضراللہ کی ہدایت پر یونیورسٹی آف چترال کا ایک نمائندہ وفد ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین ڈیڈک فتح الملک علی ناصر سے ان کی رہائش گاہ میں ملاقات کی۔ وفد نے ملاقات کے دوران یونیورسٹی کے زیرِ تعمیر کیمپس میں سنٹرل لائبریری کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس مقصد کے لیے ان کے صوابدیدی فنڈ سے مالی معاونت کی درخواست کی۔
ایم۔پی۔اے لوئر چترال فتح الملک علی ناصر نے وفد کی درخواست کو سراہتے ہوئے اس بات کا یقین دلایا کہ وہ اپنے صوابدیدی فنڈ سے یونیورسٹی آف چترال کی سنٹرل لائبریری کے قیام کے لیے ابتدائی طور پر رقم مختص کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے، بالخصوص ایک یونیورسٹی میں لائبریری کا قیام ناگزیر ہوتا ہے، کیونکہ یہ طلبہ و اساتذہ کے لیے علم و تحقیق کا بنیادی ذریعہ فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف چترال خطے کے نوجوانوں کے لیے علم و ترقی کا سنگِ میل ہے، اور اس کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ فتح الملک علی ناصر نے یہ بھی بتایاکہ وہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سے جلد ملاقات کر کے یونیورسٹی کے زیرِ تعمیر منصوبوں، خصوصاً سنٹرل لائبریری کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات پر بات کریں گے۔
وفد نے ایم۔پی۔اے فتح الملک ناصر کا شکریہ ادا کیا اور ان کے تعاون کو یونیورسٹی آف چترال کی ترقی کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ وفد نے انہیں زیرِ تعمیر یونیورسٹی کیمپس کے دورے کی دعوت بھی دی، تاکہ وہ جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا خود جائزہ لے سکیں۔






