پشاور میٹرو بس منصوبے میں 1141زیر زمین ستونوں میں 960کو مکمل کرلیا گیا

پشاور(جنرل رپورٹر)پشاور میٹرو بس منصوبے میں 1141زیر زمین ستونوں میں 960کو مکمل کرلیا گیا ہے ۔باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ اور خیبر روڈ کو بھی منصوبے میں شامل کیا گیا ہے ۔ستونوں کے ساتھ ساتھ آٹھ سو گارڈز بھی تیار کر لئے گئے ہیں جس کو ستونوں پر لگانے کیلئے ہیوی مشینری اور جدید کرین پشاور کے مختلف علاقوں میں پہنچا دی گئی ہے ۔ پراجیکٹ منیجر خالدمختیار کے مطابق مختلف مقامات پر 6 گروپس بنائے گئے ہیں جس میں 5 سے لیکر 7 تک کرینیں ان گارڈرز کو ستونوں پر نصب کریں گی۔ یہ کرینیں جدید دور کے مطابق ہیں جو 500 ٹن تک وزن اٹھا سکتی ہیں ۔اسی طرح خیبر روڈ کو امن چوک سے زیر زمین منسلک کیا جائے گا جبکہ چمکنی سے بالاحصار تک میٹرو ٹریک پر 90فیصد کام مکمل ہوگیا ہے اور فردوس میں نئے فلائی اوور ملک سعد پل سے منسلک ہو کر خیبر بازار پہنچے گا جبکہ گلبہار جانے کیلئے نشتر آباد سے نیا فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بی آر ٹی منصوبے پر خیبر پختونخو احکومت کی ہدایات کی روشنی میں 24 گھنٹے کام جاری ہے ۔ ترجمان کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ خیبر روڈ کو بھی میٹرو بس منصوبے میں شامل کیا جارہاہے ۔خیبر بازار سے امن چوک تک فیز ٹو کا پچاس فیصد کام مکمل ہو گیا ہے اور 1141زیر زمین ستونوں میں960مکمل ہو گئے ہیں جبکہ آج گاڈر رکھا جائے گا جبکہ باچا خا ن انٹرنیشنل ائیر پورٹ کیلئے اپ ریمپ کی تیاری جاری ہے ۔