تازہ ترین
جشن خزان پولو کپ ٹورنمنٹ اختتام پذیر چترال سکاؤٹس نے ٹرافی اپنی نام کرلی۔
چترال(نمائندہ ڈیلی چترال ) جشن خزان پولو کپ ٹورنمنٹ کا فائنل میچ چترال سکاؤٹس اے اور چترال بارڈر پولیس کے مابین کھیلا گیا۔جس میں چترال سکاؤٹس اے ٹیم نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3کے مقابلے5 گول سے میچ میں فتح حاصل کرلی۔میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے شاندار اور سنسنی خیز کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایک گول کیا۔دوسرے ہاف میں بھی میچ انتہائی سنسنی خیز رہا ۔یکے بعد دیگر دونوں ٹیم گول کرکے میچ برابرکرتے رہے جوکہ میچ کے آخری لمحوں تک تین تین سے برابر رہا ۔میچ کے آخری لمحوں میں چترال سکاؤٹس اے ٹیم نے دو گول کرکے واضح برتری حاصل کرلی۔گراونڈ تماشائیوں سے بھرا ہوا تھا۔شائقین پولو میچ سے محظوظ ہوتے رہے ۔شائقین کو ایسا فائنل بہت عرصے بعد دیکھنے کو ملا کیونکہ اس سے پہلے فائنل میچ اس طرح سنسنی خیزنہیں ہوتے تھے۔فائنل میچ کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین شاہ تھے انہوں نے جیتنے اور ہارنے والی ٹیموں میں شیلڈ اور ٹرافی تقسیم کیں۔ مین آف دی میچ چترال سکاؤٹس کے حوالدار محراج جبکہ بیسٹ ہارس کی ٹرافی چترال بارڈر پولیس کے الحاج کو دی گئی۔مہمان خصوصی نے اپنے مختصر خطاب میں پولو ایسوسی ایشن کے صدر شہزادہ سکندرالملک کو شاندارٹورنمنٹ منعقد کرنے پر مبارکباد دی ۔اورچترال میں سیلاب زدہ گان کی بحالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چترال میں موسم سرما سے پہلے بحالی کے کام مکمل کئے جائینگے۔ مژگول اور کوشٹ کے پلوں پر کام جاری ہیں جسے جلد ازجلد آمدورفت کے قابل بنایا جائیگا۔اس سلسلے میں اپر چترال میں کھلی کچہری منعقد کی گئی تھی جہاں متاثرین سیلاب کے مسائل سنے گئے۔انہوں نے سیلاب زدگان کی بحالی اور تعمیراتی کاموں میں اچھی کارکردگی پر این جی اوز کو کاوشوں کو سراہا انہوں نے کہا کہ چترال میں بائی پاس روڈ پر بھی کام جاری ہے جسے موسم سرما سے پہلے پہلے مکمل کیاجائیگا۔اور انگارغون واٹر سپلائی واٹر سکیم پر کام 12اکتوبر کو مکمل ہونا تھا لیکن چند وجوہات کی بناء پراب 17اکتوبرکو کام مکمل ہوکر پانی کی سپلائی شروع ہوگی۔واضح رہے کہ15سا ل بعد جشن خزان پولو کپ ٹورنمنٹ چترال منعقد کیا گیا اور اس ٹورنمنٹ میں ضلع بھر سے35ٹیموں نے حصہ لیا۔
Bureau Chief daily Aeen Peshawar