226

گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے چترال میں ترقی اورخوشحالی کے نئے دور کا آغاز

(اے پی پی) خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں گولن گول پن بجلی گھر منصوبے کا دوسرا یونٹ آئندہ ماہ کام شروع کردے گا۔سرکاری ذرائع کے مطابق منصوبے کے تیسرے اور آخری یونٹ پر کام رواں سال اگست میں مکمل ہوگا۔ منصوبے کے اس مرحلے کی تکمیل کے بعد گولن گول پن بجلی گھر اپنی مکمل استعداد کے مطابق 108 میگاواٹ بجلی پیدا کرنا شروع کردے گا۔گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے چترال میں ترقی اورخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا جس سے قومی معیشت کے استحکام کے ساتھ ساتھ قومی گرڈ میں ماحول دوست اورسستی بجلی شامل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ گولن گول منصوبہ چترال کے قریب دریائے مستوج پرقائم کیا جارہا ہے جس کی مجموعی پیداواری استعداد108 میگاواٹ ہے اور بجلی پیدا کرنے کے 3 یونٹ لگائے جائیں گےجن میں سے ہر یونٹ 36 میگاواٹ کی پیداوار کا حامل ہے۔وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے فروری میں اس منصوبہ کے پہلے یونٹ کا افتتاح کیاتھا دوسرے اور تیسرے یونٹ سے بجلی کی پیداوار رواں سال مئی تک شروع ہوجائے گی۔ منصوبہ سے ہر سال قومی گرڈ میں436 ملین یونٹ بجلی شامل ہوگی جبکہ سالانہ3.7ارب روپے کے فوائد حاصل ہوں گے۔منصوبہ کے منظور شدہ پی سی ون کے تحت منصوبہ کی لاگت29ارب روپے ہے اور واپڈا کے اپنے وسائل کے علاوہ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ)،سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ ، کویت ڈویلپمنٹ فنڈ اور اوپی ای سی فنڈ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ واپڈا کو منصوبہ کی تکمیل کیلئے مالی معاونت فراہم کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں