Mr. Jackson
@mrjackson
تازہ ترین

انتظامیہ اور ڈرائیور یو نین کا چولی دامن کا ساتھ ہے،ضلع ناظم اورایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گوہرعلی کاحلف برداری تقریب سے خطاب

چترال ( محکم الدین ) ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ نے تریچمیر ڈرائیور یونین کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ سی پیک منصوبے کی وجہ سے ایک طرف کاروبار کے مواقع میں اضافہ کی توقع ہے ۔ تو دوسری طرف یہ خطرہ بھی موجود ہے ۔ کہ دوسرے شہروں سے بڑے سرمایہ کے مالک چترال کے کاروبار پر قبضہ جمائیں گے ۔ اور چترال کے لوگ اُن کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے ۔ اس لئے اس بات کی اشد ضرورت ہے ۔ کہ چترال میں کاروبار سے وابستہ لوگ خود کو الرٹ رکھیں اور حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے ابھی سے تیاری کریں ۔ ورنہ چترال کے ٹرانسپورٹر ز ، تجار برادری اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کو کف افسوس ملنا پڑے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال چترال میں تریچمیر ڈرائیور یونین کی حلف برداری تقریب سے بطور صدر محفل خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چترال گوہر علی مہمان خصوصی کے علاوہ صدر چترال چیمبر آف کامرس و صدر سی سی ڈی این سرتاج احمد خان اور نومنتخب کابینہ کے ارکان اور ڈرائیور یونین کے ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ضلع ناظم نے کہا ۔ کہ ڈرائیور برادری اور تجار یونین روایتی طریق کار کی بجائے وقت کے تقاضوں کے مطابق ڈاکومنٹیشن کریں ۔ تاکہ حکومت سے قرضوں کی وصولی اور کاروبار سے متعلق دیگر اداروں سے روابط کرکے فوائد حاصل کرنے میں آسانی ہو ۔ انہوں نے ڈرائیور یونین اور تجار یونین کو ہدایت کی ۔کہ وہ چترال چیمبر آف کامرس کے ساتھ قریبی روابط رکھیں ۔ اور اس فورم کے ذریعے اپنے کاروبار کو فروغ دینے اور نئی گاڑیوں کی خریداری کیلئے بزنس پلان تیار کریں ۔ ضلع ناظم نے لواری ٹنل شیڈول کے بارے میں کہا ۔ کہ اس حوالے سے جی او سی ملاکنڈ ڈویژن سے بات ہوئی ہے ۔ بہت جلد شیڈول میں تبدیلی لائی جائے گی ۔ انہوں نے نو منتخب عہدہ داروں کو مبارکباد دی ۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے کہا ۔ کہ انتظامیہ اور ڈرائیور یو نین کا چولی دامن کا ساتھ ہے ۔ گو کہ بعض عوامی شکایات کی بنیاد پر ڈرائیور برادی اور انتظامیہ کے مابین تناؤ بھی آجاتا ہے ۔ تاہم یہ ڈرائیور برادری کو تنگ کرنے کیلئے نہیں ۔ بلکہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کیا جا تا ہے ۔ صدر چترال چیمبر آف کامرس سرتاج احمد نے ڈرائیور برادری کے نئے عہدہ داروں کو مبارکباد دی ۔ اور کہا ۔کہ سی پیک کیلئے ڈرائیور برادری کو ذہنی طور پر تیار ہونے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ضلع ناظم چترال سے ڈرائیوریونین کو مستحکم بنانے کیلئے اور غریب و حادثات سے دوچار ہونے والے ڈرائیوروں کی مدد کیلئے انڈومنٹ فنڈ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ صدر ڈرائیور یونین صابر احمد نے کہا ۔ کہ ہم نے عوام کی خدمت کا بیڑا اُٹھایا ہے ۔ اور انشاء اللہ ہم حتی المقدور اس پر پورا اُترنے کی کوشش کریں گے ۔ اور یہی ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری صفت زرین نے لواری ٹنل میں مسافروں کو روکنے سے متعلق پارٹی کے ہائی کمان کے نوٹس میں بات لانے کی یقین دہانی کی ، جبکہ صدر تجار یونین شبیر احمد نے کہا ۔ کہ چترال بازار کے مسائل کی تفصیل ضلع ناظم کی خدمت میں پیش کئے گئے ہیں ۔ اور توقع رکھتے ہیں ۔ کہ اُن پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا ۔ سرپرست اعلی ڈرائیور یونین چترال مولانا ہدایت اللہ نے لواری ٹنل میں شیڈول کے نام پر چترالی مسافروں کے ساتھ اذیت ناک سلوک اور کٹ گاڑیوں کے حوالے سے حکومت سے مطالبہ کیا ۔ کہ چترال کے عوام کو بلا تاخیر ان پریشانیوں سے نکالا جائے ۔ انہوں نے کہا یہ افسوس کا مقام ہے ۔ کہ لواری ٹنل کے اندر تعمیری کام مکمل ہونے کے باوجود مسافروں کو 9گھنٹے انتظار کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑتی ہیں ۔ قبل ازین نومنتخب کابینہ سے حلف لیا گیا ۔ جس میں مولانا ہدایت الرحمن سرپرست اعلی ، حاجی محمد یوسف چیرمین ، صابر احمد صدر ڈرائیور یونین چترال ، زاہد خلاق صو بیدار ( ر) سنئیر نائب صدر ، احمد سعید نائب صدر ، جاوید خان نائب صدر شیشی کو ہ ، غلام مرسلین نائب صدر تورکہو ، شفیق الرحمان نائب صدر ایون ، مہتاب خان نائب صدر گرم چشمہ ، فضل ناصر جنرل سیکرٹری ، خلیل الرحمن سیکرٹری ٹرانسپورٹ ، حاجی محمد رحیم سیکرٹری انفار میشن ، پرویز خان سیکرٹری فنانس ، محمد وزیر خان سیکرٹری کھیل و ثقافت ، محبوب الہی سیکرٹری چندہ کشی ،ظاہر خان سیکیورٹی انچارج شامل تھے۔ تقریب سے غلام محی الدین نے خطاب کرتے ہوئے چترال میں ڈرائیور یونین کے قیام اور عہدہ داروں پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔

Related Articles

Back to top button