310

کورونا کی وبا کے لئے ویکسین بننے کے بعد بھی سوست بارڈر کو تجارت کے لئے بند رکھنا سی پیک کے منصوبے کے لئے سوالیہ نشان اور جی بی کے مقامی تاجروں کے ساتھ زیادتی ہے پاک چائنہ بارڈر ٹریڈ ایسوسی ایشن گلگت بلتستان

پاک چائنہ بارڈر ٹریڈ ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کا ہنگامی اجلاس منعقدہوا جس میں پاک چائینہ بارڈر کی طویل عرصے سے بندش کے باعث چھوٹے تاجروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اجلاس کے بعد پاک چائینہ بارڈر ٹریڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن جی بی کے صدر وسیم بادامی ،کوآرڈینیٹر علی یونس، سینئررہنما یاور حسین و دیگر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سخت شرائط کیساتھ پاک چین بارڈر کھولنے سے یکطرفہ تجارت ہوگی جو کسی صورت قبول نہیں ہم چاہتے ہیں کہ برابری کی بنیاد پر تجارت ہو اور دو طرفہ تجارت کے لیے سخت ایس او پیز کے ساتھ بارڈر کو کھولا جائے بارڈر پاس پر چین جانے کی اجازت دی جائے بارڈر پروٹوکول ایگریمنٹ کے تحت جاری پاس پر گلگت بلتستان کے مقامی تاجروں کو چین کے سفر اوردو طرفہ تجارت کی اجازت نہ دینا جی بی کے تاجروں کا معاشی قتل ہے۔گلگت بلتستان کے مقامی چھوٹے تاجر بارڈر کی مسلسل دوسرے سال  بندش سے دیوالیہ ہوچکے ہیں کورونا کی وبا کے لئے ویکسین بننے کے بعد بھی سوست بارڈر کو تجارت کے لئے بند رکھنا سی پیک کے منصوبے کے لئے سوالیہ نشان اور جی بی کے مقامی تاجروں کے ساتھ زیادتی ہے۔انہوں نے گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ بارڈر پاس کے اجراء  کے لئے وفاقی حکومت اور چائنیز حکام سے مذاکرات کریں اور دو طرفہ تجارت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ  جی بی کے عوام کو بے روزگاری اور مہنگائی کے طوفان سے نکالنے میں مدد مل سکے انہوں نے مزید کہا کہ سوست میں جدید طرز اور انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کا ڈرائی پورٹ بنا ہوا جہاں پر کرونا سے بچائو کے لیے سخت ایس و پیز کے ساتھ تجارت کی اجازت دی جا ئے ۔ خنجراب زیرو پوائنٹ نیشنل پارک پر واقع ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی زیادہ تر نقل و حمل کی اجازت نہیں ہے اور بارڈر پر ہی تجارتی سامان کی وصولی سے چھوٹے کاروباریوں کو شدید مشکلات کے ساتھ نقصان بھی اٹھانا پڑ رہا ہے۔لہذا تجارتی سامان کی نقل و حمل کے لیے سوست ڈرائی پورٹ پر ہی اجازت دی جائے اور تاجر رہنماوں اور سٹیک ہولڈز کے ساتھ ڈی سی ہنزہ کے زیر صدارت ساتھ ہونے والے اجلاس میں طے پانے والے فارمولے کے مطابق تجارتی سرگرمیوںکی اجازت کو یقینی بنایاجائے تاجر رہنمائوں کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے بارڈر کو دو طرفہ تجارت کے لیے کھولا جائے بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے اور بہت جلداگلا لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں