284

روز کی طرف سے ایوب میڈیکل کالج کی سیکنڈ پروفیشنل کی طالبہ فریال کو ایک لاکھ کا سکالرشپ چیک دیاگیا

پشاور÷ریجنل آرگنائزیشن فار سپورٹ ایجوکیشن (روز)کی طرف سے ایوب میڈیکل کالج کی طالبہ کوتعلیمی سکالرشپ کے طور پر ایک لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔ سیکنڈ پروفیشنل ایم بی بی ایس کی طالبہ فریال کا تعلق اپرچترال کے علاقہ مستوج سے ہے۔ انہوں نے پشاور ماڈل سکول سے میٹرک اور ایف ایس سی میں بھی امتیازی پوزیشن حاصل کی تھی۔ روز کی طرف سے سکالر شپ کا چیک سینئر صحافی محمد شریف شکیب نے طالبہ کے حوالے سے اس موقع پر روز کے بانی اور روح رواں ہدایت اللہ بھی موجود تھے۔ میڈیا سے گفت گو میں ریجنل آرگنائزیشن فار سپورٹ ایجوکیشن کے سربراہ نے بتایا کہ انہوں نے چترال کے غریب اور ہونہار طلبا و طالبات کے لئے نجی شعبے کی آٹھ یونیورسٹیوں کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کئے ہیں اور سینکڑوں طلبا ان یونیورسٹیوں میں مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ روز نے اب تک پانچ سو سے زیادہ طلبا و طالبات کو تعلیمی سکالر شپس دیئے ہیں جن میں میڈیکل، انجینئرنگ، ایم بی اے، ایم ایس سی اور مختلف شعبوں میں گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن، پی ایچ ڈی اور ایم فل کرنے والے طلبا و طالبات شامل ہیں ہدایت اللہ نے بتایا کہ غریب اور ہونہار طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے لئے یہ سکالرشپس مخیر خواتین و حضرات کی عطیات اور زکواۃ سے دیئے جارہے ہیں وہ عطیات دینے والوں اور طلبا کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہدایت اللہ نے اہل ثروت سے اپیل کی کہ علم کی روشنی پھیلانے کے لئے وہ دل کھول کر روز کو عطیات دیں۔ ان کی دی ہوئی ایک ایک پائی علم کے فروغ پر خرچ کی جائے گی۔ اور جب ہونہار طلباو طالبات علم کے زیور سے آراستہ ہوکر خدمت کے میدان میں آئیں گے تو ہمارا ملک اور معاشرہ ترقی کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں