255

سینیٹر فلک نازچترالی کی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے اسلام آباد میں ملاقات۔

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) سنیٹر فلک ناز چترالی کی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں گلگت بلتستان اور چترال سے متعلقہ اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خصوصاً گلگت چترال ایکسپریس وے، شندور فیسٹیول اور چترال و گلگت بلتستان میں سیاحت کے مذید مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایک اخباری بیان میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس امید کا اظہار کیا کہ گلگت چترال ایکسپریس وے صرف خواب نہیں بلکہ ہمارے خوابوں کی تعبیر ہے۔ اس کی تعمیر یقیناً ہوگی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوگی۔ اس منصوبے سے نہ صرف گلگت بلتستان اور چترال میں سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ یہاں کے باسیوں کے طرز زندگی میں بھی مثبت تبدیلی آئے گی اور روزگار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔

  انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ اگر حالات نارمل ہو گئے تو شندور پولو فیسٹیول کا انعقاد یقینی ہے، اس فیسٹیول کا گلگت بلتستان اور چترال کی تعمیر و ترقی اور یہاں کی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار رہا ہے اور یقیناً اس مرتبہ بھی صوبائی اور وفاقی سطح کے اہم رہنما اور اعلیٰ حکام شندور آئیں گے جس سے چترال اور گلگت بلتستان کو فائدہ ہوگا۔

سینیٹر فلک ناز چترالی کا کہنا ہے کہ سیاحت کو فروع دینے سے ایک طرف نہ صرف مقامی ثقافت کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کیا جاسکے گا بلکہ بیرونی سرمایہ کاری بھی ہو گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ نئے سیاحتی مقامات کے قیام سے نئے ہوٹل، ریستوران بنیں گے، ریسٹ ایریاز، سہولتی مراکز قائم ہوں گے اور ان سے وابستہ ٹور گائیڈز، ٹریول ایجنٹس اور ٹور آپریٹرز کی بے شمار ملازمتوں کے مواقع وجود میں آئیں گے۔ ملاقات میں ڈپٹی چیرمین  سینٹ میرزا آفریدی بھی موجود تھے۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں