313

شمالی علاقوں میں کرونا وائرس سےبچاؤ کی ویکسینیشن تیزکرنےکا فیصلہ

این سی او سی اجلاس میں شمالی علاقوں میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جمعہ کو این سی او سی کے سربراہ اسدعمر نے ٹویٹ میں اہم فیصلوں سے آگاہ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ویکسینیشن کو مزید تیز کرنے کی حکمت عملی تیارکرلی گئی ہے۔

گلگت بلتستان اور کشمیر میں بڑے ویکسینیشن سینٹر اور موبائل ویکسینیشن ٹیمیں بنائی جائیں گی۔آزاد کشمیر میں الیکشن کی وجہ سے ویکسینیشن مہم میں تیزی لانا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں سیاحت کی وجہ سے ویکسینیشن تیز کرنا بھی اہم ہے۔ آزاد کشمیرمیں 25 جولائی کو عام انتخابات ہورہے ہیں جس میں 28 لاکھ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

جمعہ کو این سی او سی نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں 1 ہزار 303 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں مثبت کرونا کیسز کی شرح 3.21 فیصد ہے۔ این سی او سی نےبتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 483 ٹیسٹ کئے گئے۔کرونا کےفعال کیسز کی تعداد 43 ہزار 618 ہوگئی ہے۔کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 8 لاکھ 73 ہزار 543 ہے۔ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 9 لاکھ 38 ہزار 737 تک پہنچ گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں