225

اتوار کے روزسوسوم برف تودے کے نیچے دب کر جان بحق ہونے دومزید طالب علموں کی نعشیں نکال لی گئی

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال) اتوار کے روز سوسوم میں نو دن پہلے برف کے تودے کے نیچے دب کر جان بحق ہونے والے دو طالب علموں کی نعشین نکال لی گئیں ۔ ان نعشوں کی شناخت عمران الدین ولد فضل علی ساکن گری اور عمرالدین ولد عصمت الدین ساکن اجراندہ پرسان کے ناموں سے ہوئی ۔ لاش کی بازیابی کے بعد رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔ حادثے کے موقع پر موجود تحصیلدار گل فراز نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ۔ کہ گذشتہ رات دو پائپ کے ذریعے پانی کو برف ہٹانے کیلئے استعمال کیا گیا ۔ جو کہ کامیاب رہا ۔ رات بھر پائپ کا پانی برف کو بہا کر لے گیا ۔ اور صبح جب موقع پر دیکھا گیا ۔ تو طالب علموں کی نعشیں نظر آرہی تھیں ، جنہیں نکال کر ورثا کے حوالے کیا گیا ۔ اس کے بعد سے مقامی لوگوں اور فورسز کی کاروائیوں میں تیزی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اتوار کے روز پانچ سو افراد نے متاثرہ مقام پر کام کیا ۔ اور بڑی حد تک برف کو بہا دیا گیا ہے ۔ گلفراز نے کہا ۔ کہ دو اسکیویٹر اور ٹریکٹر موقع پر موجود ہیں ۔ لیکن اُن کے استعمال میں مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ کیونکہ جگہ بہت تنگ ہے ۔ انہوں نے کہا، کہ کام کے دوران امدادی کارکنوں کو دن کا کھانا ضلعی انتظامیہ کی طرف سے دی جارہی ہے ۔ جبکہ آرمی اور چترال سکاؤٹس کے انتظامات الگ ہیں ۔ انہوں نے کہا کمیونٹی نے بھی امدادی کارکنوں کی بہت مہمان نوازی کی ۔ گل فراز نے امید کا اظہار کیا ۔ کہ کل مزید نعشیں بر آمد ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔ واضح رہے ، کہ 19مارچ کے روز آٹھ طالب علم سو سوم ہائی سکول میں امتحانی پرچہ دینے کے بعد جب اپنے گھروں کو واپس جارہے تھے ۔ کہ بارش کے دوران پہاڑی راستے میں اُن پر پرفانی تودہ گرا ۔ جس پر آٹھ طالب علم اور ایک دوسرا شخص لاپتہ ہو گئے ۔ تاہم دوسرے دن طالب علم مبشر اور جماعت بائے کی نعش نکا ل لی گئی تھی ۔ جبکہ دیگر سات طالب علموں کی تلاش گذشتہ نو دن سے جاری ہے ۔ اور اُس میں این ڈی ایم اے کی اسپشلائزڈ ٹیم کے بارہ ارکان سمیت چترال سکاؤٹس ، چترال پولیس ، بارڈر پولیس اور کمیونٹی کے سینکڑوں افراد حصہ لے رہے ہیں ۔ نو دن بعد دو طلباء کی نعشیں اتوار کی صبح نکال لی گئیں ۔ اس دوران جی او سی ملاکنڈ ڈویژن جنرل نادر خان ، کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس ، ڈپٹی کمشنر چترال نے دو سے تین مرتبہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا ۔ مقامی کمیو نٹی کی طرف سے ممبر ڈسٹرکٹ کونسل کریم آباد محمد یعقوب نے پاک آرمی ، چترال سکاؤٹس ، پولیس ، لیویز سمیت تمام اداروں کے سربراہوں اور جوانوں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں