322

چند موقع پرست عناصر کسی اور کے ہاتھوں استعمال ہوکرمحمد حسین کے خلاف غلط بیانی میں مصروف ہیں۔عمائدین گبور بخ کی پریس کابفرنس

چترال (نمائندہ ) گبور بخ لوٹ کوہ کے عمائیدین نے علاقے سے سابق ممبر ضلع کونسل محمد حسین کو گاؤں کے چند افراد کی طرف سے فیاض احمد کی ایماء پر بدنام کرنے کی سازش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند موقع پرست عناصر کسی اور کے ہاتھوں استعمال ہوکر غلط بیانی میں مصروف ہیں لیکن حقیقت پر پردہ ڈالنا کسی کے بس کی بات نہیں ہے اور یہ لوگ خود بخود بے نقاب ہورہے ہیں۔ جمعہ کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی خان، سراج الدین، محمد اسماعیل خان، گل زمان، قاری مجیب الرحمن، سکندر خان اور محمد یوسف نے کہاکہ محمد حسین ایک غریب پرور شخصیت ہیں اور گوبور کے عوام اور گرم چشمہ کے حاجی فیاض کے درمیان زمین کے تنازعے میں اہالیاں گوبور کا مختارخاص بن کر کیس کی پیروی کررہے ہیں اور ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے وہ محمد حسین کو اس کیس سے الگ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کرکہاکہ کرائے کے چند افراد کی بے بنیاد الزامات کی بنا پر محمد حسین کبھی بھی کیس سے الگ نہ ہوں گے اور نہ ہم اہالیان گوبور انہیں مشکل کے وقت اکیلا چھوڑ دیں گے جوکہ گزشتہ ایک عشرے سے ہماری نمائندگی کررہے ہیں اور گوبور کے عوام کو محمد حسین کی وجہ سے شناخت ملی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گوبور کے عوام اور حاجی فیاض کے درمیان مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں لیکن اس کے باوجود وہ ارندو، دمیڑ اور شیشی کوہ سے کرائے کے غنڈوں کو لے کر ہم پر چڑہائی کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں اور اس قسم کا ایک واقعہ گزشتہ ماہ ہی پیش آیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہم مملکت خداداد پاکستان کے قانون کی مکمل پاسداری کرتے ہیں لیکن حاجی فیاض نے دولت کا استعمال کرکے ہمیں تنگ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا جس کا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا،آئی جی پی اور ڈی پی او چترال لویر کو نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ محمدحسین ایک انتہائی پرامن اور ذمہ دار شہری ہیں اور ان کے گھر میں کلاشنکوف ہونا تو درکنار، وہاں پرندوں کی شکار کے لئے 12بور کا بندوق بھی نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں