448

اس ٹورنامنٹ میں مقامی ٹیموں کے علاوہ چترال کی پولو ٹیم نے بھی شرکت کی ہے۔ ان کی شرکت یقیناً دنوں ہمسایہ علاقوں کے عوام میں باہمی روابط اور تعلقات کو بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوگا/گورنرراجہ جلال حسین مقپون

گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے کہا ہے کہ کھیلوں کے مقابلے مقامی ثقافت کی بھر پور عکاسی کرتے ہیں اور دنیا بھر سے سیاحوں کی آمد اور توجہ کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔گزشتہ دو سال کے دوران کورنا کے باعث شندور سمیت گلگت بلتستان میں کھیلوں کی سرگرمیاں تقریباً ختم ہوگئی تھیں۔ تا ہم اب کویڈ کی صورتحال میں بہتری کے بعد گلگت بلتستان میں کھیلوں اور سیاحت کی سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں جس کی وجہ سے علاقے کی رونقیں بھی بحال ہوگئی ہیں ۔یہ بات انھوں نے جی بی سکاؤٹس پولو کپ ٹورنامنٹ 2021کے فائنل میچ کے سلسلے میں منعقدہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ انھوں نے کہا کہ میں ڈائریکٹر جنرل گلگت  بلتستان سکاؤٹس بریگیڈئر ضیاء الرحمن صاحب اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جن کی انتھک محنت اور کوششوں سے جی بی سکاؤٹس پولو ٹورنامنٹ کا انعقاد ممکن ہوا جس کی وجہ سے کافی عرصے سے اس طرح کے پرگرام کے منتظر پولوکے کھلاڑی اور شائقین پولو کو بھر پور طریقے سے لطف اندوز ہونے کاموقع ملا۔گورنر جی بی نے کہا کہ  اللہ کے فضل کرم اور حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے کویڈ کے کیسیزکافی کم ہوگئے ہیں اور دوبارہ علاقے کی رونقیں بحال ہوگئی ہیں ۔ بلاشبہ کھیلوں کے مقابلے جسمانی صحت اور ذہنی نشوو نما کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ پولو دنیا میں گلگت  بلتستان کی پہچان ہے ۔ پولو پورے گلگت  بلتستان میں بھر پور روایتی انداز میں کھیلا جاتا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کو اس کھیل سے خصوصی لگاؤ ہے ۔ اور جہاں بھی میچ ہو لوگ انتہائی جوش و خروش سے میچ دیکھنے جاتے ہیں ۔ پولو کو کھیلوں کا بادشاہ اور باشاہوں کا کھیل بھی کہا جاتاہے  ۔ راجہ جلال حسین مقپون نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ اس ٹورنامنٹ میں مقامی ٹیموں کے علاوہ چترال کی پولو ٹیم نے بھی شرکت کی ہے۔ ان کی شرکت یقیناً دنوں ہمسایہ علاقوں کے عوام میں باہمی روابط اور تعلقات کو بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ یہاں ماضی کے پولو کے عظیم کھلاڑی بھی تشریف فرما ہیں جو آنے والی نسلوں کے استاد اور انکی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کیلئے  رول ماڈل ہیں۔ میں اس موقع پر ان تمام اداروں کو خراچ تحسین پیش کرتا ہوں جنھوں نے اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لئے اپنا کردار ادا کیا اور گلگت بلتستان میں روایتی اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے پیش پیش ہیں۔ خصوصاً محکمہ سیاحت ، سپورٹس بورڈ ، جی بی سکاؤٹس ، این ایل آئی ، پولیس ، قراقرم پولو کلب ، پی ڈبلیو ڈی اور دیگر تمام سپانسرز کا کردار قابل ستائش ہے ۔گورنر نے فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کو بہترین کھیل پیش کرنے پر مبارکباد پیش کی اور یہ یقین دلایا کہ گلگت بلتستان میںکھیلوں کی ترقی اور دیگر مثبت تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں