381

قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید تیسری دنیا کے واحد رہنما تھے جنہوں نے عالمی سیاسی منظرنامہ تبدیل کر کے رکھ دیاسعدیہ دانش

گلگت(پ۔ر) پیپلزپارٹی کی رکن گلگت بلتستان اسمبلی، چیئرمین قائمہ کمیٹی سیاحت و صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کی سالگرہ کے موقع پر بیان میں کہا ہے کہ قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید تیسری دنیا کے واحد رہنما تھے جنہوں نے عالمی سیاسی منظرنامہ تبدیل کر کے رکھ دیا تھا۔ ذوالفقار علی بھٹو شہید کی سیاسی دور اندیشی، فہم و فراست اور عوام دوستی نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی سیاست میں مثبت اثرات مرتب کئے۔ آئین پاکستان اور جوہری پروگرام پاکستان کے عوام کے لئے ذوالفقار علی بھٹو شہید کے وہ تحفے ہیں جو رہتی دنیا تک یاد رکھے جائیں گے۔ گلگت بلتستان کے عوام کو راجوں کی غلامی سے آزاد کروانا بھی ذوالفقار علی بھٹو شہید کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے سال میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مزید مہنگائی کا طوفان کھڑا کرنا بدترین حکمرانی کی مثال ہے۔ ملک کے معاشی نظام کو آئی ایم ایف کے حوالے کر کے حکمرانوں نے اپنی نااہلی ثابت کردی ہے۔ منی بجٹ کے ذریعے مزید مہنگائی کی نوید سنا دی گئی ہے۔ عوام کی معاشی حالت زار سے بے نیاز نیازی حکومت نالائقوں اور نااہلوں کا ٹولہ ہے جس نے ریاست کے ہر ادارے کا بیڑا غرق کردیا ہے ملک کو اس مشکل وقت سے نکالنے کا واحد حل عمران نیازی کو گھر بھیجنا ہے عمران نیازی نے ملک میں بیڈ گورننس کی بدترین مثال قائم کی ہے جس کے باعث عوامی مسائل اور مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ صوبائی سکریٹری اطلاعات نے حالیہ زلزلے سے روندو اور استور میں ہونے والے نقصانات پر پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور انتظامیہ سے متاثرین کی بحالی کےلیے فوری ضروری اقدامات اٹھانے مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت زلزلہ متاثرین کی آبادکاری اور فوری امداد کا سلسلہ شروع کریں پیپلز پارٹی متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور متاثرین کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھاینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں