287

ملاکنڈ ڈویژن میں جنگلات کے تحفظ کیلئے سروے آف پاکستان کے تعاون سے سروے کرایا جا رہا ہے/سی ایم  

 پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ملاکنڈ ڈویژن میں جنگلات کے مالکانہ حقوق کے مسئلے کے حل کیلئے معاون خصوصی برائے ماحولیات اشتیاق ارمڑ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دیکر مسئلے کے حل کی قابل عمل تجاویز پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے آج وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاکنڈ ڈویژن کے نمائندہ وفد سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ وفد سوات، دیر اور انڈس کوہستان کے نمائندہ افراد پر مشتمل تھا۔اس موقع پر سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ خان، معاونین خصوصی اشتیاق اڑمڑ، عبدالمنعم، ممبران صوبائی اسمبلی محمد علی، ثناء اللہ، ڈاکٹر حیدر علی، میاں جعفر شاہ اور سیکرٹری ماحولیات نذر حسین شاہ بھی موجود تھے۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو علاقے میں جنگلات کے مالکانہ حقوق اور فاریسٹ ایکٹ 2002سے پیدا ہونے والے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے جنگلات کے مالکانہ حقوق کے مسئلے کے حل کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے اس ضمن میں اطمینان بخش حل ڈھونڈنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات صوبے کا مستقبل ہیں اسلئے ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کے تحفظ کیلئے زیادہ سے زیادہ جنگلات اگانا چاہییں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی سے صوبہ ناخوشگوار ماحولیاتی تبدیلی کے ساتھ سیلاب اور تباہی سے دودچار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے کے مستقبل سے آنکھیں بند نہیں کر سکتی اور کسی کو جنگلات کاٹنے کی ہر گز اجازت نہیں دیگی۔ انہوں نے وفد کے اراکین سے کہا کہ وہ اپنے علاقے کی ترقی کیلئے جنگلات کے فروغ پر توجہ دیں۔ سیکرٹری ماحولیات نے وفد کو بتایا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں جنگلات کے تحفظ کیلئے سروے آف پاکستان کے تعاون سے سروے کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ غیر جنگلی پیداوار پر ٹیکس کی شرح کم کرنے کیلئے سمری تیار کی گئی ہے جو جلد کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔انہوں نے علاقے کے عوام سے کہا کہ وہ بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر جنگلات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے علاقے کے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے حقوق کا پورا پورا تحفظ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ملاکنڈ ڈویژن میں جنگلات کے مالکانہ حقوق کے مسئلے کے حل کیلئے معاون خصوصی برائے ماحولیات اشتیاق ارمڑ کی سربراہی میں تشکیل دی جانے والی کمیٹی میں سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ خان، اراکین صوبائی اسمبلی جعفر شاہ، محمد علی، ثناء اللہ ، سیکرٹری ماحولیات، سیکرٹری قانون کے علاوہ سوات، دیر اور انڈس کوہستان سے 5نمائندے شامل ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں