461

جشن کاغ لشٹ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنروں نے مقامی افراد سے مشاورت کئے بغیر کام کیا۔پرنس سلطان الملک

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) گزشتہ روز اپر چترال میں جشن کا غ لشٹ کے اختتامی تقریب میں فیسٹول کے سرپرست اعلیٰ پرنس سلطان الملک نے ضلعی انتظامیہ کو شدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس جشن کو گزشتہ کئی سالوں سے مقامی لوگوں کی کمیٹی بحسن وخوبی منعقد کرتے آرہے تھے لیکن اس سال ضلعی انتظامیہ نے اپنے زیر نگرانی منعقد کرکے تماشائیوں کے لئے کئی ایک مسائل پیدا کئے جن میں پانی جیسی بنیادی چیز کی عدم فراہمی شامل تھی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہاکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنروں نے مقامی افراد سے مشاور ت کئے بغیر کام کیا جس کی وجہ سے بد نظمی بڑھ گئی اور علاقے کی روایا ت کا کوئی پاس نہیں رکھا گیا اور مقامی معززیں اور سفید ریشوں کو اسٹیج پر بیٹھنے کے لئے کرسی تک نہیں دی گئی اور علاقائی معتبرات کے بغیر جشن کا مزا ادھورا رہ گیا ۔ پرنس سلطان الملک نے اس بات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ نے اس جشن کے انعقاد کے لئے صرف دو عدد ڈرم فراہم کئے جوکہ مذاق سے کم نہیں اورعبدالولی خان یونیورسٹی کی طرف سے واٹر ٹینکر فراہم نہ کرنے پر صورت حال بگڑ سکتی تھی۔ انہوں نے کہاکہ اس جشن کو مقامی افراد ہی اپنی روایات کے مطابق منانے کے لئے آئندہ کے لئے مقامی کمیٹی کے حوالے کیا جائے ۔ انہوں نے اس ایونٹ کی مناسب تشہیر نہ ہونے اور اس کی مناسب کوریج نہ ہونے کا بھی شکوہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں