تازہ ترین

الخدمت فاؤنڈیشن سکول (کیمپس بونی، اپر چترال) کا شاندار افتتاح

آج بونی، اپر چترال میں الخدمت فاؤنڈیشن سکول (کیمپس بونی) کا باقاعدہ اور شاندار افتتاح ہوا۔ افتتاحی تقریب میں فضل محمود (صدر الخدمت فاؤنڈیشن کے پی کے شمالی)، انور زیب خان (منیجر ریسورس موبیلائزیشن و ہیلتھ)، عبدالحق (صدر الخدمت لوئر چترال)، قاری عبدالرحمن گجر (نائب صدر کے پی شمالی)، اور قاضی اخلاق الدین (ایجوکیشن کوآرڈینیٹر چترال) کے علاوہ دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔نمایاں مہمانوں میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان یوسفزئی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر چترال حمید اللہ خان (پی ایس پی)، امیر جماعت اسلامی اپر چترال اسد الرحمن، صدر الخدمت فاؤنڈیشن اپر چترال عبدالرفیع، سابق امیر جماعت اسلامی مولانا جاوید حسین، پریذیڈنٹ اسماعیلیہ لوکل کونسل یوسف حیات، تحصیل چیئرمین مستوج سردار حکیم، سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، علاقہ کے معززین، اساتذہ کرام، طلبہ و طالبات، والدین اور سول سوسائٹی کے افراد نے پُرجوش انداز میں شرکت کی۔
یاد رہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن سکول، کیمپس بونی میں گزشتہ سال سے درس و تدریس کا سلسلہ جاری تھا، تاہم باقاعدہ افتتاحی تقریب کا انعقاد آج عمل میں لایا گیا۔
افتتاحی پروگرام نہایت نفاست اور منظم انداز میں ترتیب دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے شرکاء آغاز سے اختتام تک پروگرام سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ تلاوتِ کلامِ پاک کے بعد خوش آمدیدی کلمات کے ساتھ پروگرام کا آغاز ہوا۔ طلبہ و طالبات نے نعت شریف، ملی نغمے، خاکے اور تقاریر پیش کرکے پروگرام کو پُروقار بنایا۔حاضرین نے طلبہ کی شاندار کارکردگی، صلاحیت اور قابلیت کو سراہتے ہوئے دل کھول کر داد دی۔ طلبہ نے اپنی تقاریر کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، ان سے نمٹنے کی تیاری، خواتین کی تعلیم کی اہمیت اور رضاکارانہ خدمات (والنٹیئرزم) کے فوائد کو اجاگر کیا۔ خاکوں کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ وسائل کی کمی کو تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا، اور خواتین کی تعلیم مردوں کے برابر بلکہ نہایت ضروری ہے۔امیر جماعت اسلامی اسد الرحمن، صدر الخدمت اپر عبدالرفیع اور پرنسپل الخدمت فاؤنڈیشن سکول (کیمپس بونی) نذیر خان نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور سکول کے قیام کے مقاصد اور تعلیم کی اہمیت پر جامع گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں کئی معتبر تعلیمی ادارے بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں، اور الخدمت فاؤنڈیشن سکول کو چاہیے کہ ان کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے معیار کو مزید بہتر بنائے اور آنے والے چیلنجز کے لیے نئی نسل کو تیار کرے۔دیگر مقررین میں پریذیڈنٹ اسماعیلیہ لوکل کونسل یوسف حیات اور چیئرمین تحصیل کونسل مستوج سردار حکیم نے الخدمت کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران الخدمت کے رضاکار خالص انسانی جذبے کے تحت جو خدمات انجام دیتے ہیں، وہ قابلِ تقلید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس جذبے کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ہمیں الخدمت کا دست و بازو بننا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کے عوام کو بلا تفریق ایسے فلاحی کاموں میں ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے، جس سے نہ صرف ترقی ممکن ہوگی بلکہ امن کی فضا بھی برقرار رہے گی۔ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان یوسفزئی نے تقریب کو شاندار اور اطمینان بخش قرار دیا۔ انہوں نے منتظمین، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ خصوصاً نظامت کرنے والی بچیوں، نعت خوانوں، خاکہ پیش کرنے والوں اور مقررین کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے طلبہ و طالبات اور اسٹاف کو نقد انعامات سے نوازا۔انہوں نے سکول کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایسے معتبر اداروں کے ساتھ کام کرنے کا انہیں وسیع تجربہ ہے، جسے بروئے کار لاتے ہوئے وہ اپر چترال میں ہر ممکن خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے رضاکارانہ طور پر بچوں کو کلاس پڑھانے کی بھی پیشکش کی، جو ان کی ذاتی دلچسپی اور علاقے سے ہمدردی کا مظہر ہے۔
آخر میں فضل محمود، صدر الخدمت فاؤنڈیشن کے پی کے شمالی نے اپنے خطاب میں الخدمت فاؤنڈیشن کی فلاحی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے مختلف شعبے نہ صرف پاکستان بلکہ بیرونِ ملک بھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں، جن میں یتیم خانے، آغوش سینٹرز، الخدمت ہسپتال اور بنو قابل پروگرام شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپر چترال تعلیمی لحاظ سے صوبے اور خصوصاً ملاکنڈ ڈویژن میں نمایاں مقام رکھتا ہے، جہاں کئی معتبر ادارے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تاہم الخدمت ایجوکیشن سکول کا امتیاز یہ ہے کہ یہ اُن طلبہ کے لیے امید کی کرن ہے جو معیاری تعلیم کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔ ادارے کی کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ یا بچی وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت ایجوکیشن فاؤنڈیشن روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل اسکل ڈویلپمنٹ پر بھی توجہ دے رہی ہے تاکہ طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے اپر چترال کے عوام کے اتحاد و اتفاق کو سراہتے ہوئے اپیل کی کہ ایسے اداروں کے قیام میں بھرپور تعاون کریں۔انہوں نے جلد ہی الخدمت ڈائگناسٹک سنٹر کے قیام کی خوشخبری بھی سنائی اور مستقبل میں مزید ادارے جیسے بنو قابل، الخدمت کمپیوٹر لیب اور الخدمت ہسپتال کے قیام کا عندیہ دیا۔
آخر میں مولانا حمید الرحمن کی دعاؤں کے ساتھ یہ پروقار تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button